سوات چیمبر آف کامرس کا جہان آباد دھماکے پر کمشنر اور آر پی او کی معطلی کا مطالبہ

Spread the love

سوات(بیورورپورٹ) سوات چیمبر آف کامرس نے جہان آباد دھماکے کے بعد کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور آرپی او کو معطل کرنے اور ان کیخلاف انکوائری کا مطالبہ کردیا.12 ممالک کے سفیروں کو مناسب سکیورٹی نہ دینے کیوجہ سے واقعہ رونما ہوا جس کی ذمہ داری کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، آر پی او ملاکنڈ ریجن اور انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے، سوات چیمبر آف کامرس نے بہت جلد جہان آباد دھماکے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرنے اور حقائق منظر عام پر لانے کا اعلان کر دیا اور اس کے ساتھ انتظامی صلاحیتوں سے محروم کمشنر ملاکنڈ اور آر پی او کو معطل کرنے کیلئے احتجاجی تحریک کا عندیہ دیا.مختلف ممالک کے سفیروں کی سوات آمد کے حوالے سے باقاعدہ وزارت فارن افیئر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی درخواست پرسوات کے انتظامی حکام کو مراسلہ جاری کیا اس کے باوجود بھی انڈونیشیا، پرتگال، قازقستان، بوسنیا، زمبابوے،روانڈا، ترکمانستان، ویتنام، ایتھوپیا، ایران، تاجکستان اور روس کے سفیروں کے قافلے پر دھماکہ سوالیہ نشان ہے،اس حوالے سے سوات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت صدر راحت علی خان منعقد ہوا جس میں سینئر نائب صدر حاجی بخت کرم، نائب صدر ڈاکٹر ذاکر محمد، سابق صدر یوسف علی خان، عدنان علی خان، سیکرٹری جنرل محمد اقبال،علی شیرمیاں، الحاج زاہد خان، حاجی حمید الرحمان، عثمان خان، خالد خان، انور خان، علی محمد خان، محبوب ہارون، موسیٰ خان، ہارون الرشید، داؤد خان، فضل وہاب، خورشید انور، رحیم زادہ اور دیگر نے شرکت کی،سوات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تمام عہدیداروں اور ایگزیکٹیو ممبران نے جہان آباد دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، آرپی او ملاکنڈ ریجن کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اُن کی غفلت، لاپرواہی اور سیکورٹی لیپس کیوجہ سے مذکورہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا اجلاس میں شہید پولیس اہلکار برہان کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا کی گئی اور سوات چیمبر کی جانب سے اُن کے اہل خانہ کونقد ایک لاکھ روپے دئیے گئے، اجلاس میں کہا گیا کہ سوات میں آپریشن عزم استحکام کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دھماکہ کیا گیا اور دُنیا کو دکھا یا گیا کہ سوات میں اب بھی دہشت گرد موجود ہیں ایسے واقعات کیخلاف عوام کو اب نکلنا ہو گا 27 ستمبر کو بوقت 2 بجے نشاط چوک مینگورہ میں مظاہرہ ہے اس میں عوام بھر پور شرکت کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button