
بیجنگ: چین نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایران کے میزائل حملے پر تمام فریقین سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں ایسے اقدامات سے گریز کرنا ہوگا جس سے پاکستان اور ایران کے ساتھ کشیدگی بڑھے اور امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایران اور پاکستان بڑے اسلامی ممالک اور ایک دوسرے کے قریبی پڑوسی ہیں اور دونوں ہمارے قریبی شراکت دار اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ہیں۔
چینی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ ہم اپیل کریں گے کہ پاکستان اور ایران اس معاملے پر تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ خطے میں کشیدگی نہ بڑھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کے صوبہ بلوچستان کے شہر پنجگور میں حملے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔