
کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے صارفین کو خطرناک ترین قسم کی چوری سے بچانے کے لیے آئی فون کی نئی اپ ڈیٹ iOS 17.3 جاری کردی ہے۔
گزشتہ مہینوں میں صارفین کی جانب سے یہ شکایات سامنے آئی ہیں کہ ہیکرز لوگوں کے آئی فون کا پاس کوڈ ڈال کر ان کی ڈیوائسز چوری کر رہے ہیں۔
پاس کوڈ فون کے بہت سے پہلوؤں تک رسائی فراہم کرتا ہے، بشمول فون کے مالک کے iCloud اکاؤنٹ کا پاس ورڈ تبدیل کرنے کی صلاحیت۔
اس کے ذریعے ایک بار ہیکر کو آئی فون صارف کے تمام ڈیجیٹل معاملات تک رسائی مل جاتی ہے، جس میں صارف کے دیگر پاس ورڈز اور ان کی ادائیگی کے لین دین سے متعلق معلومات بھی شامل ہوتی ہیں۔
پاس ورڈ تبدیل ہونے کے بعد، صارف کے لیے اپنا آئی فون یا اکاؤنٹ واپس حاصل کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایپل نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کا نام ‘سٹولن ڈیوائس پروٹیکشن’ ہے۔
اس فیچر کا مقصد ہیکرز کے حملوں کو مزید مشکل بنانا ہے تاکہ وہ لوگوں کے پاس کوڈز تک آسانی سے رسائی نہ کر سکیں۔
اس فیچر کے لیے فون میں کچھ تبدیلیاں کرنے کے لیے فیس آئی ڈی یا ٹچ آئی ڈی کی ضرورت ہوتی ہے، جیسے کہ پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ دیکھنا۔ اس کے علاوہ یہ چیزیں نہیں کھل سکیں گی۔