
لندن: برطانوی محققین خون کے ایک ایسے ٹیسٹ کی جانچ کر رہے ہیں جس سے دماغی کینسر کی مختلف اقسام کی تشخیص میں مدد مل سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ آسان ٹیسٹ برین ٹیومر کی تشخیص کے لیے خطرناک سرجری کی ضرورت کو کم کرنے میں مدد دے گا۔
انٹرنیشنل جرنل آف کینسر میں شائع ہونے والی تحقیق میں ماہرین نے کہا کہ یہ ٹیسٹ دماغی کینسر کی مہلک ترین شکل کی جلد تشخیص کرنے، علاج میں تیزی لانے اور ممکنہ طور پر زندہ رہنے کی شرح کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
برین ٹیومر کے ماہرین نے ٹیسٹ کی خبروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیسٹ سستا ہے اور اسے ہسپتالوں میں باآسانی متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مائع بائیوپسی خاص طور پر ان مریضوں کے لیے مفید ہو گی جن کے دماغ میں رسولی ہے جن تک رسائی ممکن نہیں۔ اس ٹیسٹ سے ان لوگوں کو جلد علاج شروع کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔