
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اور باصلاحیت اداکار نوازالدین صدیقی نے کہا ہے کہ اگر انہیں مستقبل میں فلموں میں کام نہ ملا تو وہ سڑکوں، ٹرینوں یا بسوں میں اداکاری کریں گے کیونکہ اداکاری ان کے لیے اہم ہے۔
نوازالدین صدیقی کا بالی ووڈ کا سفر حیرت انگیز ہے، انہوں نے کئی فلموں میں منفرد کردار ادا کرکے اداکاری کی دنیا میں اپنی خاص شناخت بنائی، ان کا شمار بالی ووڈ کے نامور اور باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوازالدین صدیقی نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اداکاری سے اپنی محبت کے بارے میں بات کی۔
نوازالدین صدیقی نے کہا کہ اگر مجھے مستقبل میں کام نہ ملا تو مجھ میں اتنی طاقت نہیں کہ کسی سے کام مانگوں، میں کسی سے فلموں میں کام دینے کے لیے نہیں کہہ سکتا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ‘اگر مجھے فلموں میں کام نہ ملا تو میں اپنا گھر، اپنے جوتے اور سب کچھ بیچ کر خود فلم بناؤں گا اور مجھے یقین ہے کہ میں فلم بنا سکتا ہوں۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘اداکاری میرے لیے اہم ہے لیکن صرف فلموں میں نہیں، اگر میرے پاس کام نہیں ہے تو میں سڑکوں، ٹرینوں یا بسوں میں اداکاری کروں گا۔’