
لندن: ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ والدین اپنے بچوں کے اسکرین پر گزارنے والے وقت میں اضافے اور اس سے ان کے بچوں کی صحت کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان سے پریشان ہیں۔ تاہم تحقیق کے مطابق بچوں کی مجموعی ڈیجیٹل حفاظت میں بہتری آئی ہے۔
آن لائن سیکیورٹی چیریٹی انٹرنیٹ میٹرز کی جانب سے کی جانے والی سالانہ تحقیق میں 1000 گھرانوں سے ان کی ڈیجیٹل عادات کے بارے میں سروے کیا گیا۔
تازہ ترین رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچوں کے آلات پر گزارے جانے والے وقت میں اضافہ اور خاندان کے روایتی وقت میں کمی والدین کے لیے تشویش میں اضافہ کر رہی ہے۔ سروے میں شامل 63 فیصد والدین نے کہا کہ آن لائن وقت گزارنے کا ان کے بچوں پر منفی اثر پڑتا ہے۔
تقریباً 50 فیصد والدین نے کہا کہ وہ اسکرین ٹائم کی وجہ سے اپنے بچوں کی نیند کے متاثر ہونے سے پریشان ہیں۔
تاہم، تحقیق سے پتا چلا کہ مجموعی طور پر بچوں کی ڈیجیٹل حفاظت میں بہتری آئی ہے اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے آن لائن ہونے کے فوائد کی اطلاع دی۔
لیکن تحقیق نے کچھ پریشان کن آن لائن سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ سروے میں شامل 15 اور 16 سالہ لڑکیوں میں سے نصف نے کہا کہ ان سے اجنبی لوگوں نے رابطہ کیا تھا، جبکہ دو تہائی (67 فیصد) نے کہا کہ انہیں آن لائن منفی تجربہ ہوا ہے۔