
سوات(بیورورپورٹ) پاکستان مسلم لیگ مرکزی کے زیر اہتمام یوم کشمیر کے موقع پر سوات پریس کلب کے سامنے ریلی و مظاہرہ کیا گیا ،
ریلی کے شرکاء جلوسوں کی شکل میں مینگورہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے سوات پریس کلب پہنچے،
پریس کلب کے سامنے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ مرکزی کے صدر ضلع سوات ملک ابراہیم، جنرل سیکرٹری حاجی ہاشمی، امیدوار برائے پی کے 6مولوی ولی الدین، مولانا امان اللہ خادم بریکوٹ، مولانارحیم اللہ، رہنما شیرزادہ اور دیگر نے کہا کہ کشمیریوں کے ہر دکھ درد میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں،
کشمیریوں پر جاری ظلم کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ کشمیریوں پر گذشتہ 75 سالوں سے ظلم کا سلسلہ جاری ہے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک کی خاموشی قابل افسوس ہے،
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور انشاء اللہ بہت جلد کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا جس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،
کشمیری بھائیوں کو بھارت کے چنگل سے نکال کر انہیں ان کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے،
انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں پر جاری ظلم وبربریت کے خلاف آواز اٹھائے اور اس میں ملوث بھارتی جرنیلوں اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ ظلم کا سلسلہ بند ہوسکے.