
ملاکنڈ (نمائندہ محمد انس) بٹ خیلہ ضلع ملاکنڈ میں یوم تکبیر کو شان و شوکت اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح بٹ خیلہ میں بھی اس دن کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
اس سلسلے میں اے سی بٹ خیلہ کے دفتر سے بس اسٹینڈ بٹ خیلہ تک ایک یادگاری واک کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مختلف سرکاری اداروں بشمول ریسکیو 1122، ٹی ایم اے بٹ خیلہ، اے سی آفس سٹاف، اور ٹریڈ یونین بٹ خیلہ کے ملازمین، سیول سوسائٹی کے اراکین سمیت کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے جوش و خروش کے ساتھ "نعرہ تکبیر اللہ اکبر”، "پاکستان زندہ باد” اور "یوم تکبیر زندہ باد” کے نعرے لگاتے ہوئے بس اسٹینڈ تک کا سفر طے کیا۔
بس اسٹینڈ پہنچ کر واک نے جلسے کی شکل اختیار کر لی۔ اس موقع پر شرکاء سے مختلف مقررین نے خطاب کیا۔ اے سی بٹ خیلہ ریاض حسین نے اپنے خطاب میں یوم تکبیر کی تاریخی اہمیت اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ ٹریڈ یونین بٹ خیلہ کے صدر زوار حسین خان نے یوم تکبیر کے قومی جذبات اور قوم کی قربانیوں پر روشنی ڈالی، جبکہ پین صوبائی صدر امجد علی شاہ نے ملکی خودمختاری اور استحکام کے لیے اس دن کی اہمیت پر زور دیا۔
شرکاء نے واک اور جلسے کے دوران ملی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا اور ملک کی سالمیت و خودمختاری کے عزم کو دہرایا۔ اس تقریب کے انعقاد سے بٹ خیلہ کی عوام نے یوم تکبیر کی مناسبت سے قومی یکجہتی اور جوش و خروش کا بھرپور اظہار کیا۔