کالام روڈ کی تعمیرات: سیاحتی مقام کی بحالی کیلئے مقامی لوگوں کا کردار

Spread the love

ضلع سوات کے سیاحتی مقام وادی کالام میں سیلاب سے تباہ حال روڈ پردوسال گزرنے کے باوجودعدم تعمیر کے خلاف مقامی لوگوں اورکالام ہوٹل ایسوسی ایشن نے اپنی مدد آپ کے تحت تعمیراتی کام شروع کر دیا۔ حکومتی عدم توجہی سے مایوس ہو کر مقامی لوگوں نے سیاحوں کی آمدورفت میں مشکلات کم کرنے کیلئے خود تعمیراتی کام کاآغاز کردیا ہے۔
گذشتہ روز عمائدین کالام اور ہوٹل ایسو سی ایشن کے عہدیداروں نے پیر کے روز بڑی تعداد میں نکل اپنی مدد آپ کے تحت کالام روڈ پر تعمیراتی کام شروع کردیا ہے اورحکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سیاحت کے فروغ اور لوگوں کی آمدورفت میں مشکلات کم کرنے کیلئے کالام روڈ پر جلد ازجلد تعمیراتی کام شروع کیا جائے۔
اس موقع پر پر موجود کالام ہوٹل ایسو سی ایشن کے صدر عبدالودود، سابق تحصیل ناظم حبیب اللہ ثاقب، اے این پی کے رہنما ڈاکٹر شاہ خان، پی ٹی آئی رہنما آصف شہزاد، نصراللہ ثاقب، سید نبی اور دیگر عمائدین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ26 اگست 2022 کوآنے والے تباہ کن سیلاب سے تباہ حال کالام روڈ کی تعمیر کے لئے ہم نے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی۔
اس لئے ہم نے مجبور ہوکر فیصلہ کیا کہ اپنی مدد آپ کے تحت ہی کالام روڈ پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے تاکہ آنے والے سیاحوں اور مقامی افراد کی مشکلات ک ہوسکے اور سیاحت کے شعبے کو بھی نقصان نہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں جو اس روڈ کی تعمیر کے لئے درکار ہیں لیکن ہمارے پاس اورکوئی راستہ ہی نہیں بچا ہے۔
کیونکہ اس روڈ کی تباہ حالی کی وجہ سے کالام کی سیاحت بری طرح متاثر ہے اور سیاح کالام آنے سے کترارہے ہیں
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر خدانخواستہ دوبارہ سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت آئی تو پھر مزید مشکلات درپیش ہوں گی۔
اسلئے حکومت فوری طور پر کالام روڈ پر تعمیراتی کام شروع کرا دے تاکہ علاقے کے لوگوں اور سیاحوں کو سفری پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ دو سال گزرنے کے باوجود کالام روڈ خستہ حالی کا شکار ہے۔
جس کی وجہ سے مقامی لوگوں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اکثریتی سیاح روڈ خرابی کی وجہ سے واپس چلے جاتے ہیں۔
جس کی وجہ سے سیاحت کو نقصان اور بےروز گاری میں خطرناک حدتک اضافہ ہواہے۔
،انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کالام روڈ فوری طور پر تعمیر نہ کرایا گیا اور ہم۔نے اپنی مدد آپ کے تحت اس روڈ کو بحال کیا تو پھر اس روڈ پرکوئی سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی نہیں چل سکےگی۔
ان کاکہناتھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان رسہ کشی پر افسوسناک ہے اورہم موجودہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کالام روڈ کو تعمیر کرانے اور سیاحت کو تباہی سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کالام روڈ پر تعمیراتی کام شروع نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئیں گے اور اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک کالام روڈ پر تعمیراتی کام شروع نہیں کیا جاتا اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button