
خیبرپختونخواہ کے جنگلات میں آگ بجھانے کے اقدامات، ریسکیو 1122 کو فائر فائٹنگ آلات دیے گئے
ملاکنڈ (محمد انس نمائندہ خصوصی) حالیہ دنوں، خیبرپختونخواہ کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر، صوبائی حکومت نے جنگلات کی حفاظت کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر ملاکنڈ واصل خان نے فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جدید فائر فائٹنگ آلات ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے فائر فائٹرز اہلکاروں کے حوالے کیے ہیں۔
اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ شاہد خان مہمند نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ناصر خان کو یہ آلات حوالے کیے گئے۔ یہ جدید آلات نہ صرف جنگلات کی آگ بجھانے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ دیگر ایمرجنسی حالات میں بھی استعمال کیے جا سکیں گے۔ ڈسٹرکٹ ملاکنڈ نے صوبے میں سب سے پہلے یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ جنگلات میں لگنے والی آگ کو بر وقت اور مؤثر طریقے سے قابو کیا جا سکے۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے اہلکاروں نے ڈپٹی کمشنر کو فائر سوٹ اور فائر میں استعمال ہونے والے آلات کے استعمال کی عملی نمائش بھی پیش کی، جسے حاضرین نے سراہا۔
ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ جناب شاہد خان مہمند نے اس اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ یہ آلات جنگلات کی حفاظت کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے فارسٹ ڈیپارٹمنٹ اور ریسکیو 1122 کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے جنگلات میں آگ کے واقعات پر جلد قابو پایا جا سکے گا۔
ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر واصل خان نے بتایا کہ ان آلات کی فراہمی سے ریسکیو 1122 کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور وہ زیادہ مؤثر طریقے سے کام کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
یہ قدم نہ صرف جنگلات کے تحفظ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ صوبے بھر میں دیگر اضلاع کے لیے بھی ایک مثال بنے گا۔