فرانس کے قومی دن پر سفارتخانے میں تقریب، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان مہمان خصوصی

Spread the love

فرانس کے قومی دن پر سفارتخانے میں تقریب، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان مہمان خصوصی
پاکستان میں معدنیات، زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں
فرانس میں ہزاروں طلبا سمیت 1.25لاکھ پاکستانی مقیم ہیں:عبدالعلیم خان
اسلام آباد۔ :۔۔۔صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام یورپی ممالک سے دو طرفہ تعلقات کو اہمیت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اسی طرح فرانس پاکستان میں معدنیات، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداوا ر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔اس امر کا اظہار وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فرانس کے قومی دن پر سفارتخانے میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں وفاقی وزراء، سینیٹرز و ممبران قومی اسمبلی، سفارتکاروں اور نمایاں سیاسی، کاروباری اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی جن کا پاکستا ن میں فرانس کے سفیر نیکولس گیلے نے استقبال کیا اور انہیں تاریخی اعتبار سے فرانس کے قومی دن کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
مہمان خصوصی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے مابین دو طرفہ دوستانہ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، فرانس میں 1لاکھ 25ہزار پاکستانی مقیم جبکہ ہزاروں طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے مابین تجارت، معیشت، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون روز بروز فروغ پا رہا ہے اور اس ضمن میں گزشتہ برس دونوں ملکوں کا دو طرفہ تعاون کے روڈ میپ پر اتفاق قابل ستائش ہے۔ صدراستحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فرانس کے قومی دن پر سفیر نیکولس گیلے اور دیگر شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی اعتبار سے شاندار روایات کے حامل فرانس کے عوام ترقی اور بہتری کیلئے بھی مستقل مزاج رویہ رکھتے ہیں۔
اس موقع پر فرانس کے سفیر نیکولس گیلے نے پاکستان کے ساتھ تجارتی و دیگر امور میں اضافہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے مہمان خصوصی عبدالعلیم خان سمیت فرانس کے قومی دن کی خوشیوں کی تقریب میں شامل ہونے والوں کو شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، سینیٹرز شیریں رحمان اور سلیم مانڈوی والا، ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، سابق وفاقی وزیر فواد حسن فواد اور اہم سیاسی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button