
اسلام آباد۔ 29 جولائی۔۔۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے سعودی شہزادہ اور یونائٹڈ نیشن میں نمائندے عبداللہ بن خالد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کے لئے بڑا سانحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے شہزادہ عبداللہ بن خالد کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سر زمین حجاز سے شاہی خاندان کے فرد کی رحلت کی خبر نے پوری اسلامی برادری کو سوگوار کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مرحوم شہزادے کے لئے دعائیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہ اللہ تعالیٰ شہزادہ عبداللہ بن خالد کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کا سفر آخرت آسان فرمائے۔ وفاقی وزیر نے شاہی خاندان سے اظہار تعزیت بھی کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ شاہی خاندان کو اس مشکل گھڑی میں ہمت اور حوصلہ عطا کرے۔