سوات: سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں، ہوٹلز کی فری رجسٹریشن کا اعلان

Spread the love

سوات(بیورورپورٹ) ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر نے سوات کے دورے کے موقع پر سوات ہوٹلز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ سوات کے سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے سیاحوں کو ہوٹل مالکان صفائی، بہترین سروس سمیت ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔حکومت کی جانب سے ہوٹلز ایسوسی ایشن کوہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ سوات کے ہوٹلز کی رجسٹریشن امسال فری کر دی گئی ہے۔ تمام ہوٹلز خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ٹورسٹ سروسز ونگ میں اپنے ہوٹلز کی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس محمد علی، جنرل منیجر ٹورازم و کنٹرولر ٹورسٹ سروسز ونگ سجادحمید اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ ڈی جی ٹورازم اینڈ کلچراتھارٹی تاشفین حیدرنے سوات کے دورے کے موقع پر پی سی مالم جبہ، سوات سرینا ہوٹل سمیت مختلف ٹورسٹ انفارمیشن سنٹرز اور دیگر مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ٹورازم اتھارٹی نے مالم جبہ روڈ پر مختلف مقامات پر سیاحوں کیلئے آرام گاہیں (ریسٹ ایئریاز) کا بھی دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی مالم جبہ اور سوات سرینا ہوٹل سمیت تمام ہوٹلز مالکان سیاحوں کو صاف ستھرا ماحول، بہترین سروسز ہر ممکن بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ بہترین سروسز کی فراہمی سے ہی نہ صرف سوات کے سیاحتی مقامات کا سیاح رخ کرینگے بلکہ صوبے سے ایک مثبت پیغام ملک اور دنیا کو جائے گا۔ ڈی جی خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر نے سٹاف کے ہمراہ فضاء گٹ سوات میں نئی بلڈنگ کا دورہ بھی کیا جہاں جلد سیاحوں کیلئے انفارمیشن سنٹر،ہوٹلز کی رجسٹریشن کیلئے ٹورسٹ سروسز ونگ آفس،سیاحت سے منسلک سٹیک ہولڈرز کی ٹریننگ کیلئے پیتھام آفس اور ٹریننگ سنٹرزقائم کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button