سوات(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت سیاحتی مقامات تک جانے والے راستے کھلے رکھنے کے لیے کالام جیپ ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ تاہم جیپ ایسوسی ایشن بھی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ آنے والے سیاحوں سے مناسب کرایہ وصول کرنے کے لیے ریٹ مقرر کرے۔ ان خیالات کا اظہار اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرامت علی نے کالام جیپ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات میں کالام جیپ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ڈپٹی ڈائریکٹر کو سیاحتی مقامات تک جانے والے راستوں میں دشواریوں اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کرامت علی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے عوامی ایجنڈے کے احکامات کی روشنی میں، ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی / ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے، دیسان سڑک سے ملبہ اور بڑے پتھر ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے آپریشن جاری ہے جو جلد مکمل کیا جائے گا۔
مزید برآں، بائیون سڑک اور حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور نالے میں طغیانی سے متاثرہ کالام کے قریب قارندوکے کے مقام پر پل اور جال بنڑ سڑک کو ہنگامی بنیادوں پر 24 گھنٹوں میں ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا۔
انہوں نے کالام جیپ ایسوسی ایشن کی سیاحت کے فروغ کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سیاحتی مقامات تک جانے والے راستوں کی فوری بحالی کے لیے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی فوری اقدامات کرے گی۔