
سوات(بیورورپورٹ ) سوات میں پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام سوات پریس کلب میں پشتون کلچر ڈے جوش و خروش سے منایا گیا جس میں پی ایس ایف کے کارکنان سمیت پارٹی کے صوبائی اور ضلعی قائدین نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی سوات کے صدر شیر شاہ خان، پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین منصور زیب، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی ایڈیشنل جنرل سیکر ٹری اکرام خان، پی ایس ایف کے ضلعی جنرل سیکرٹری طلحہ باچا، جہانزیب کالج کے چیئرمین حارث باچا اور دیگر نے کہا کہ پختون قوم اپنا ایک تاریخ رکھتی ہے جو دنیا بھر میں مشہور ہے، پختون قوم نے ہمیشہ اپنے وطن کیلئے قربانیا دی ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پختون قوم امن پسند قوم ہے لیکن بد قسمتی سے دنیا کو ان کا چہرا کچھ اور طرح دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ہمیشہ پختون قوم پر ظلم و بربر یت کی جارہی ہے جو انتہائی افسوس کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی زبان، ثقافت اور طور طریقے نہیں چھوڑتے جس نے اپنی ثقافت اور طور طریقے تبدیل کئے ہیں وہ قوم کبھی ترقی نہیں کرسکتی، انہوں نے کہا کہ پختون ایک منظم قوم ہے اور مہمان نوازی میں اپنی مثال آپ ہے، لہٰذا ہم سب پختونوں کو چاہیے کہ اپنے طور طریقے تبدیل نہ کریں اور ہمارے بزرگوں نے جس طرح زندگی گزاری ہے اسی طرح زندگی بسر کرنے کو شش کریں تاکہ پختون قوم زندہ رہے، تقریب کے دوان پی ایس ایف جہانزیب کالج میں کامیاب طلباء میں شیلڈ اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔