
ڈپٹی کمشنر پشاور کا صبح صادق کے وقت سبزی و پھل منڈیوں کا دورہ۔ بولی کے عمل کی نگرانی کی۔
صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے سبزی منڈی انقلاب روڈ اور پھل منڈی جی ٹی روڈ کا دورہ کرتے ہوئے بولی کے عمل کی نگرانی کی اور بولی کے عمل کے بعد سرکاری نرخ نامہ جاری کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد داؤد سلیمی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید بشارت حسین، آل پاکستان سبزی و پھل منڈیوں کے مرکزی صدر ملک سوہنی، ریونیو افسران، محکمہ زراعت، محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ بولی کے عمل کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ منڈیوں میں کم قیمت ہونے کے باوجودضلع میں کئی دکاندار سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد نہیں کرتے ہیں جس پر انتظامی افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ ضلع بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور گرانفروشی کرنے والے دکانداروں کو جرمانہ کرنے کے بجائے جیل بھجوایا جائے
ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام متعلقہ محکموں کو پشاور بھر میں سبزیوں اور پھلوں کے ایک نرخ مقرر کرنے اور ان پر عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے اور گرانفروشوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور انتظامی افسران روزانہ کی بنیادوں پر صبح صادق کے اوقات میں منڈیوں کا دورہ کرتے ہوئے بولی کے عمل کے بعد سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کی یقینی بنایا جاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کو جرمانہ کرنے کے بجائے جیل بھجوایا جائے گا اور سرکاری نرخ نامے پر ہر صورت عمل درآمد کروایا جائے گا۔