واڑی(شیخ ابوسعید )
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے گڈ گورننس عوامی ایجنڈا کے تحت ڈپٹی کمشنر دیر بالا نوید اکبر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر واڑی صاحبزادہ عباس خان نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے حالیہ جاری کردہ کرایہ نامہ پر عمل درآمد نہ کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی۔ اس موقع پر یہ ہدایات بھی جاری کی گئیں کہ وہ ڈرائیور جو سرکاری نرخ نامے پر عمل نہیں کر رہے یا اپنی گاڑیوں میں نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں نہیں کرتے، ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ مذکورہ کارروائی کے دوران متعدد ڈرائیوروں کو سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر موقع پر جرمانے کیے گئے اور ان کو مستقبل میں قوانین کی مکمل پاسداری کی تنبیہ بھی کی گئی۔ عوامی شکایات کے ازالے اور حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ مسلسل نگرانی کرے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور منصفانہ کرایہ جات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت فعال ہیں۔