سوات(بیورورپورٹ)خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن (KPCPWC) کے تعاون سےیونیسیف نے ضلع سوات میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا افتتاح کیا ۔ اس حوالے سے سیدومیڈیکل کالج سیدوشریف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں اہم اسٹیک ہولڈرز، سرکاری حکام اور سول سوسائٹی سمیت بچوں نے شرکت کی ۔تقریب سے ڈپٹی کمشنرشہزاد محبوب نے افتتاحی خطاب کیا اورچائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے قیام کو وقت کی ضرور ت قراردیا ۔ انہوں نے علاقے میں بچوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔کے پی سی پی ڈبلیو سی کے ڈپٹی چیف پروٹیکشن آفیسر اعجاز محمد خان نے خیبرپختونخوا میں بچوں کے تحفظ کے نظام کے ارتقاء پر پریزنٹیشن دی اور قانونی فریم ورک پر روشنی ڈالی اور کہاکہ صوبائی حکومت کے بھرپورتعاون سے یونٹ کا قیام ممکن ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت 19 اضلا مین 21 چائلڈ پروٹیکشن یونٹس مکمل طور پر کام کر رہے ہیں جبکہ مزید یونٹس پہلے ہی پائپ لائن میں ہیں۔۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں اب تک تحفظ اور تشدد کے خطرے سے دوچار 32,564 بچوں کو مختلف خدمات فراہم کی گئی ہیں ۔ یونیسیف کے چائلڈ پروٹیکشن اسپیشلسٹ سہیل احمد نے پروٹیکشن سسٹم اور اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے KPCPWC کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک جامع نقطہ نظرپر روشنی ڈالی اور کہاکہ کے پی میں بچوں کی حفاظت اور بہبودکے لئے ہم بطور ایک کمیونٹی کام کریں گے اوراس سلسلے میں بچوں اور کمیونٹی کی شمولیت بھی ضروری ہے ۔ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن عرفان اللہ بچوں کے تحفظ کے نظام میں پولیس کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیاکہ عوام کی جان ومال کاتحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور کمزور بچوں کا تحفظ اس سے بھی بڑھ کر ہے۔یونیسیف پشاور کے پروگرام مینیجر وسام حازم نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سوات کے قیام کو سراہااور کہاکہ یونیسیف کو اس یونٹ کے قیام کا شدت سے انتظار تھا۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں کے پی حکومت کے لیے ہماری خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر برائے سماجی بہبود بچوں کے مکمل تحفظ جاری رکھنے کے لیے تعاون کررہے ہیں۔تقریب کا اختتام مہمان خصوصی عمرا خان ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیئرکے کلمات پر ہوا۔جنہوں نے تمام متعلقہ شعبوں کی کوششوں کی تعریف کی اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ تقریب میں زمونگ کور سوات اور خپل کور فاؤنڈیشن سوات کے بچوں نے ٹبیلوز اور ملی نغمے پیش کئے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔