
سوات(بیورورپورٹ) سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے چپریال میں رات گئے پولیس ناکے پر حملے کے خلاف ہزاروں افراد نے وینئی چوک میں پولیس سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا اور واضح پیغام دیا کہ ہم سوات میں کسی بھی صورت دوبارہ دہشت گردی اوربدامنی کوبرداشت نہیں کریں گے۔وینئی چوک میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے محمدشیرخان،ظاہر شاہ رورخان،ناصر شاہ،عمران سوات خان،شریف اللہ خان،عبدالکبیرخان، مولانا رحیم اللہ،مولانا نصر اللہ بابر،سراج خان اور محمد عالم سمیت دیگر عمائدین علاقہ نے کہاکہ گزشتہ رات پولیس ناکے پر حملہ امن پر حملہ ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سوات میں ہم کسی بی صورت مصنوعی اورسکرپٹڈ دہشت گردی کوبرداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ امن کی فضاکوداغدار بنانے والوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نہ مزید آپریشن کوتیارہیں اور نہ ہی آئی ڈی پیز بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت پولیس ہو مکمل با اختیار بنائے ۔علاقے کے عوام پولیس کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے امن کے قیام کے لئے ہر قسم کی قربانی دیں گے۔