
شرکاء پوری جانفشانی سے دکھی انسانیت کی خدمت کریں، ضیاء الرحمان، ڈاکٹر الیاس سید
نتھیاگلی میں پیراپلیجک سنٹر پشاور اور میراکل فیٹ یو ایس اے کے اشتراک سے دو روزہ ایڈوانسڈ کلب فٹ ٹریٹمنٹ پرووائیڈر کورس کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے منتخب آرتھوپیڈک سرجنز، فزیوتھراپسٹس اور آرتھوٹسٹس نے شرکت کی۔ اس کورس میں پیراپلیجک سنٹر، ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد، خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور، باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی، سوات گروپ آف ہاسپٹلز، چلڈرن ہسپتال اینڈ ہیلتھ انسٹیٹیوٹ ملتان، میو ہسپتال لاہور اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ریہیب سائنسز اسلام آباد سے منتخب میڈیکل پروفیشنلز نے حصہ لیا۔
باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی کے ڈاکٹر محمد ثاقب، پیراپلیجک سنٹر پشاور کی ڈاکٹر خکلا امتیاز، سیدو گروپ ہسپتال کے ڈاکٹر سجاد احمد آور ڈاکٹر محمد ناصر نواز نے بطریق احسن ہینڈز آن ٹریننگ کی خدمات انجام دیں۔ ایم ٹی آئی ایبٹ آباد کے میڈیکل ڈائریکٹر و سینئر آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر عالم زیب پروگرام میں نہ صرف خود شریک رہے بلکہ کورس کو ایم ٹی آئی ایبٹ آباد کے ڈی ایم ای میں باقاعدہ رجسٹر بھی کروایا جس کے نتیجے میں شرکاء کو سی ایم ای (کنٹینیوس میڈیکل ایجوکیشن) آورز ملے۔
اختتامی تقریب میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز پیراپلیجک سنٹر اور سابق سیکرٹری خزانہ ضیاء الرحمان نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور شرکاء میں اسناد تقسیم کیں جبکہ چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس اور میراکل فیٹ کے پروگرام مینجر ساؤتھ ایشیاء ڈاکٹر فیصل امتیاز نے اختتامی تقریب میں شرکاء پر زور دیا کہ وہ پوری جانفشانی اور بے لوثی کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کریں اور دنیوی و اخروی انعامات سے سرفراز ہوں۔