سوات(بیورورپورٹ)سوات میں خیبر پختونخوا حکومت کے قائم کردہ یتیم اور بے سہارا بچوں کے ادارہ ’’زمونگ کور‘‘میں سالانہ نمائشی میلے کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں ادارے کے بچوں نے اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو بروئے کارلاکرہاتھوں سے بنائے گئے فن پاروں اور دیگر اشیاء سمیت مختلف قسم کے پکوانوں کے اسٹالز سجائے تھے ۔ اس موقع پر دارالامان سوات اور دیگر تنظیموں کی جانب سے بھی خواتین کے ہاتھوں سے بنی گھریلو مصنوعات کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے ۔ نمائشی میلے کا افتتاح تحصیل کونسل کبل کے چیئرمین سعید خان نے اسسٹنٹ کمشنر کبل آفتاب احمد اورزمونگ کور خیبر پختونخوا کی ڈائریکٹر نجم السحر کے ہمراہ کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زمونگ کور سوات فرمان علی نے ادارے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ مہمانوں نے بچوں کے لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا اور ان کے فن اور صلاحیتوں کو خوب سراہا ۔زمونگ کور کے بچوں نے میوزک سٹیج پر بھی اپنی مہارت دکھائی اور شرکاء کو خوب محظوظ کیا ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زمونگ کورفرمان علی نے اس موقع پر بتایا کہ خیبر بختونخوا حکومت کی جانب سے یہ ادارہ 2021 میں قائم کیا گیا اور اس وقت ادارے میں 104 بچے زیر تعلیم اور زیر کفالت ہیں ۔ جن کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف ہنر اور کمپیوٹر کے مختلف کورسز کرائے جاتے ہیں ۔زمونگ کور خیبر پختونخواکی ڈائریکٹر نجم السحر نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ خیبر پختونخوا کے ہر علاقے میں قائم زمونگ کور کے بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم دلائی جائے اور انہیں رہر قسم کا ہنر اور تربیت دی جائے تاکہ وہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کالوہامنواسکے اور معاشرے کے مفید شہری ثابت ہوسکے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔