
پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقدہ خیبرپختونخواہ امن فٹبال ٹورنامنٹ شاندار اور رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ فٹبال ٹورنامنٹ پانچ روز جاری رہا جس میں مختلف اضلاع کی 16 ٹیموں نے حصہ لیا۔ امن فٹبال ٹورنامنٹ شاندار رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پزیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل انجم ریاض تھے۔ اختتامی روز فائنل میچ بھی کھیلا گیا جس میں ضلع باجوڑ کی ٹیم نے نہایت سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنیلٹی ککس پر چترال کی ٹیم کو شکست دی۔ مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس ، ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی اور ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق بھی موجود تھے۔ اختتامی تقریب میں فرنٹیئر کور نارتھ کے بینڈ نے شاندار قومی دھنیں پیش کیں۔ اس موقع پر علاقائ فنکاروں نے روایتی موسیقی اور رقص بھی پیش کیا۔ اختتامی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔ پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے خیبرپختونخواہ امن فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد پر کھلاڑیوں، علاقہ مشران، عوام، طلباء اور نوجوانوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ میں امن کا سہرہ عوام اور سیکیورٹی فورسز کو جاتا ہے۔ اور اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد اس بات کی واضح مثال ہے۔ عوام اور بالخصوص نوجوانوں نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد جاری رکھا جائے۔