سوات(بیورورپورٹ)
سوات۔ انسداد رشوت کے حوالے صوبائی حکومت کی ہدایت پر پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات پر ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس آفیسر ایس پی ٹریفک سوات حبیب اللہ خان نے بطور مہمان شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد لوگوں میں رشوت کے خاتمے اور اس کے منفی اثرات سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ایس پی حبیب اللہ خان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رشوت ایک معاشرتی ناسور ہے، جو نہ صرف نظام انصاف کو متاثر کرتا ہے بلکہ عوام کے حقوق کو بھی غصب کرتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ رشوت کے خلاف آواز اٹھائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔پروگرام کے دوران سامعین کو رشوت کے خاتمے کیلئے یقین دلایا گیا کہ سوات پولیس کی جانب سے شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی اور رشوت لینے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ریڈیو پروگرام کے دوران میزبان فضل خالق خان نے ایس پی حبیب اللہ خان سے مختلف سوالات کئے جس کا انہوں نے تفصیلی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے پروگراموں کے ذریعے لوگوں میں آگاہی وشعور بیدار کیا جائے اور جو سرکاری اہلکار رشوت لیتے ہیں انہیں اس سے باز رکھنے کیلئے عملی اقدامات کو ممکن بنایا جا سکے واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انسداد رشوت ستانی کی مہم 9 دسمبر تک جاری رہے گی اور اس کیلئے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سے ایسے مزید پروگرام نشر کئے جائیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔