
سوات(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کے خصوصی احکامات پر تحصیل انتظامیہ مٹہ غیر قانونی ٹرانسپورٹ سٹیندز اور پارکنگ کے خلاف پچھلے کئی ہفتوں سے مسلسل متحرک ہے۔غیر قانونی رکشہ سٹینڈز، روڈز کے کنارے فلائنگ کوچ، موٹر کار اور دیگر ٹرانسپورٹ گاڑیاں پارک کرکے سواریاں بٹھانا اور اسی طرح غیرقانونی پارکنگ سٹینڈز کی وجہ سے عوام کو ٹریفک کی روانی اور آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کے خصوصی احکامات کے تناظر میں اسسٹنٹ کمشنر مٹہ اور ایڈیشنل کمشنر مٹہ نے ٹریفک انچارج محکمہ پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مین کالام روڈ تحصیل مٹہ پر فلائنگ کوچ اور کئی موٹر کار ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے نتیجے میں گرفتار کیا اور اُن کی گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے کر مٹہ پولیس سٹیشن کے حوالے کردئے۔اسسٹنٹ کمشنر مٹہ نے ٹرانسپورٹر حضرات کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے سٹینڈ کے اندر رکشے اور دیگر گاڑیاں پارک کریں تاکہ دیگر لوگوں کو آمدورفت میں آسانی ہو اور ٹریفک کی روانی بھی برقرار رہے۔