چترال (نذیر حسین شاہ) طلحہ محمود فاونڈیشن پاکستان کے چیرمین سنیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ چترال اور اہل چترال کی ہرممکن خدمت کرنا ان کے لئے ایک مشن کی حیثیت رکھتی ہے جس کے لئے انہوں نے اپنے تین بیٹوں کی زندگیوں کو بھی وقف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ سچائی کے ساتھ اللہ کے بندوں کی خدمت کرنے والے کو اللہ تبارک وتعالیٰ عزت سے نوازتاہے جس نے حقوق الغباد کو فوقیت دی ہے اورانسانیت کی بے لوث خدمت ہی انسانیت کی معراج ہے۔ اتوار کے روز چترال کے پریڈ گراونڈ میں غریبوں اور کم آمدنی والے نادار طبقے میں راشن پیکج تقسیم کرنے کی ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چترالی عوام کو یقین دلایا کہ طلحہ محمود فاونڈیشن ہر لمحہ ان کے ساتھ ہے اور ضرورت کے مطابق خوراک اور دیگر اشیاء کی پیکج یہاں پہنچا نے میں ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ چترال کے قدرتی وسائل کا حجم اتنا ذیادہ ہے کہ یہ پورا پاکستان کے لئے کافی ہوسکتے ہیں لیکن اس سب کے باوجود یہاں غربت کا راج ہونا بدقسمتی کی بات ہے جس پر سوچنے اورفکر مند ہونے کی ضرورت ہے۔ سنیٹر طلحہ محمود نے کہاکہ ہم اس فاونڈیشن کے ذریعے جوانوں ا ور خواتین کو خود روزگاری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر اپنے لئے باعزت روزی کمانے کے قابل ہوں اور معاشرے میں دوسرے مجبور افراد کا سہارا بن سکیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیاکہ چترال میں ترقیاتی منصوبہ جات کے لئے خصوصی فنڈز جاری کئے جائیں جہاں روڈ انفراسٹرکچر ز مخدوش حالت میں ہیں۔ انہوں نے اپر چترال کے ریشن میں اپنی مدد آپ کے تحت روڈ کی بحالی کے کام پر عوام کی تعریف کرتے ہوئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ا س سے قبل طلحہ محمود فاونڈیشن کے ڈائرکٹر جنرل محمد شمرو ز بن طلحہ محمود نے کہاکہ وہ انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مشن بنائے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے 15سال کی عمر سے ہی فاونڈیشن کے کاموں سے منسلک ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر معروف وکیل عبدالولی خان عابد ایڈوکیٹ، نور احمد خان چارویلو، حاجی عیدالحسین، مفتی ضمیر، وجیہہ الدین، وقاص احمد ایڈوکیٹ اور دوسروں نے خطاب کرتے ہوئے چترال کی تعمیر وترقی اور یہاں غربت کے خاتمہ میں سنیٹر طلحہ محمود اور ان کے فاونڈیشن کی کوششوں کوسراہتے ہوئے اسے ملک کے دیگر صاحب ثروت افراد کے لئے قابل تقلید قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن میں شکست کے باوجود طلحہ محمود کا یہاں اپنی رفاہی سرگرمیاں جاری رکھنا ان کے خلوص نیت کی نشانی ہے جس کا چترالی قوم قدر دان ہے جس کا ثبوت لواری ٹنل کے مقام پر فقید المثال استقبال ہے۔ اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں مردوخواتین کو راشن پیکج فراہم کئے گئے۔ بعدازاں سنیٹر طلحہ محمود نے پبلک لائبریری میں خواتین کی نشست سے خطاب کیا اور پیکج تقسیم کیا۔