
سوات(بیورورپورٹ)سوات کے علاقے گل کدہ میں عدالت میں تاریخ پیشی کے لئے جانے والے وکیل ملک ارشدخان سمیت 2 بھائیوں کو قتل کردیا گیا۔ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے ۔
پولیس حکام کے مطابق ملک ارشدخان ایڈووکیٹ اور اس کے بھائی ملک مستجاب خان کو اس وقت فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا ۔ جب وہ اپنے گھر کے قریب ہی رکشامیں سوار ہوکر عدالت میں تاریخ پیشی کے لئے جارہے تھے ۔
نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے رکشے میں سواردونوں بھائیوں پر اندھادھند فائرنگ کردی ۔ جس کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین کی لاشوں کو ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے ایمبولینس گاڑی میں سیدوٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا ۔
پولیس کے مطابق مقتولین کے والدملک خواجہ محمد خان نے اپنے بیٹو ں کے قتل کی دعویداری ظفرعلی ولدعبدالخالق سکنہ اینگروڈھیرئی ،فضل ربی سکنہ مین بازارمینگورہ ،ملک سردارعلی ولدملک شریف خان ،ملک گوہرعلی،ملک محبوب علی پسران شریف خان اورتیمور ولد ملک سردار علی پر کردی ہے ۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی خواجہ محمدخان نے پولیس کو بتایا کہ ان کے بیٹے عدالت میں تاریخ پیشی کے لئے جارہے تھے کہ ملزمان نے ان پر فائرکھول دیا۔
سیدوشریف پولیس نے ملزمان کے خلاف دفعہ 320-34پی پی سی مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔