ٹی ایم اے ٹانک "عجب کرپشن کی غضب کہانی” پڑھتا جا شرماتا جا۔

Spread the love

 

ٹی ایم اے ٹانک جو اب ایک سفید ہاتھی کی شکل اختیار کرچکا ہے جسکی کرپشن کی داستانیں ہرزبان زدعام ہیں جہاں ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کے پیسے نہیں مگر ٹی ایم اے کی اہم اور کماؤ پوسٹوں پر قابض چند اہم افراد کا ٹولہ کروڑپتی بن چکا ہے۔اس قابض مافیا کی جائیدادوں پر اگر نظر ڈالی جائے تو ڈی آئی خان،ٹانک،بھکر، ایبٹ آباد میں اس ٹولے کی کروڑوں کے بنگلے اور کمرشل دکانیں موجود ہیں۔سوال یہ ہے کہ یہ سب محکمہ اینٹی کرپشن کی ناک کے نیچے کیسے ہوتا رہا ہے؟
ٹی ایم اے ذرائع کے مطابق ٹانک شہر میں اس وقت ٹی ایم اے کی کروڑوں روپے کی پراپرٹیاں ہیں مگر انکو کوڑیوں کے مول لیز پر دیا گیا ہے۔ کمیٹی باغ کے ساتھ،سول ہسپتال کے ساتھ،ٹریفک پوائنٹ کے ساتھ واقع ٹی ایم اے کی دکانوں کا فی دکان کرایہ تین ہزار روپے لیز پردیا گیا ہے جب کہ حقیقت میں لیز لینے والا بندہ انھیں دکانوں سے 15 سے 80 ہزار تک کرائے وصول کررہا ہے۔ اسی طرح محصول چنگیوں کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے وصول کرکے ٹی ایم اے کے اکاؤنٹ میں جمع نہیں کرایا جاتا۔ ڈیرہ بس سٹینڈ میں واقع دو درجن سے زائد دکانوں سے فی دکان4ہزار روپے وصول کرکے ٹی ایم اے کو صرف 500 روپے کے حساب سے پیسے دئیے جاتے ہیں۔ پرانے گرڈ کے ساتھ واقع لنڈا بازار کے دکانداروں سے فی دکان 7000 روپے وصول کرکے ٹی ایم اے کو صرف 500 روپے دئیے جارہے ہیں۔ واپڈا کالونی کے ساتھ واقع موٹرکار اڈوں،گھاس پھونس اور مرغی فروشوں سے فی دکان5تا7ہزار وصول کرکے ٹی ایم اے کو کچھ نہیں دیا جارہا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ان تمام ٹھیکوں کی نہ تو کوئی شفاف بولی ہوئی ہے اور نہ ہے اسکی تفصیلات منظرعام پر آئی ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق ان تمام ٹھیکوں اور لاکھوں روپے کی وصولیوں سے ٹی ایم اے پر عرصہ دراز سے قابض کروڑپتی ٹولہ مکمل مستفید ہورہا ہے۔اس کے علاوہ ٹیوب ویلوں ، مشینری،جنریٹروں اور تیل کی مد بوگس بلوں کے ذریعے سے لاکھوں روپے کے بل نکالے جاتے ہیں۔ تہہ بازاری، رکشہ سٹینڈز،سے روزانہ کے حساب سے الگ وصولیاں جاری ہیں۔عوضی سسٹم کے تحت مختلف اہلکاروں سے ڈیوٹی نہ کرنے کے عوض ماہانہ 10 ہزار لئے جاتے ہیں جو صرف انکی اپنے جیبوں کی نذر ہورہے ہیں۔عوامی حلقوں کے مطابق ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹی ایم اے کے تمام ٹھیکوں،لیزوں کو کینسل کراکر دوبارہ شفاف طریقے سے منظور کرائے جائیں تاکہ ٹی ایم اے کی آمدن بڑھائی جاسکے اور ٹی ایم اے کے اہم کماؤ پوسٹوں پر تعینات کروڑپتی مافیا کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کی جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button