
ڈی پی او ٹانک کی ڈی ایس پی رورل کے ہمراہ شہید کانسٹیبل سمیع اللّٰہ کے گھر آمد، ورثاء سے اظہارِ تعزیت و یکجہتی، مکمل تعاون کی یقین دہانی
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک اسلم نواز خان نے ڈی ایس پی رورل سید مرجان خان کے ہمراہ شہید کانسٹیبل سمیع اللہ کے گھر (واقع اماخیل) جاکر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ ایس ایچ او تھانہ ملازئی رفیع اللہ خان اور ایس ایچ او تھانہ گل امام مسعود خان نے بھی شہید کے فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او ٹانک نے شہید کے ورثاء کے ساتھ گہرے رنج و غم اور دلی یکجہتی و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی میں شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہید پیکج کا بھی اعلان کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹانک پولیس عوام کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
مزید انہوں نے شہید کے خاندان کو مکمل تعاون کی یقین دلایا اور کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔