خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب میں 10 براڈبینڈ کنیکٹیوٹی منصوبے مکمل

Spread the love

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف)نے 2025 کے دوران اپنے 4جی ایکسس پروگرام اور سیاحتی مقامات سے متعلق اقدامات کے تحت مجموعی طور پر 10 براڈبینڈ کنیکٹوٹی منصوبے مکمل کر لیے ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویز کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد ملک کے دور دراز اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں تیز رفتار اور کم لاگت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر کے غیر مستفید اور کم سہولیات یافتہ آبادی کو بااختیار بنانا ہے

نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے (این ایچ اینڈ ایم ڈبلیو)ٹوورسٹ ڈیسٹینیشن (4جی)پروگرام کے تحت دو منصوبے مکمل کیے گئے۔پہلا منصوبہ این ایچ اینڈ ایم ڈبلیو لاٹ-10-ایم-8، گوادر، کیچ، آواران، خضدار، جھل مگسی، قمبر شہداد کوٹ اور لاڑکانہ کے اضلاع میں مکمل کیا گیا جس کے تحت 413.81 کلومیٹر طویل سڑکوں کے حصوں پر کام کیا گیا جس کے لیے 3.8 ارب روپے کی سرمایہ جاتی سبسڈی فراہم کی گئی۔

سیاحتی پروگرام کے تحت دوسرا منصوبہ ٹوورسٹ ڈیسٹینیشن کے-2 خیبر پختونخوا میں مکمل کیا گیا جس میں سوات، اپر دیر اور بٹگرام کے اضلاع شامل ہیں۔ اس منصوبے کے تحت آٹھ سیاحتی مقامات، 49.86 کلومیٹر طویل راستے اور 413.81 کلومیٹر سڑکوں کے حصے شامل تھے جس کے لیے مجموعی طور پر 4 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی۔اس کے علاوہ 4جی ایکسس پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب میں آٹھ مزید منصوبے مکمل کیے گئے جن کے ذریعے مجموعی طور پر 1,092 مواضعات کو کور کیا گیا اور 12 لاکھ 44 ہزار 935 افراد مستفید ہوئے، ان منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 12.18 ارب روپے کی سرمایہ جاتی سبسڈی فراہم کی گئی۔

خیبر پختونخوا میں سوات لاٹ منصوبے کے تحت 26 مواضعات کو کور کیا گیا جہاں 43,520 افراد مستفید ہوئے، اس منصوبے کے لیے 586 ملین روپے کی سبسڈی دی گئی۔بلوچستان میں چار منصوبے مکمل کیے گئے جن میں لسبیلہ لاٹ (218 مواضعات، 149,614 آبادی، 1.7 ارب روپے سبسڈی)، لورالائی لاٹ (143 مواضعات، 81,963 آبادی، 2.5 ارب روپے سبسڈی)، سبی لاٹ (43 مواضعات، 38,178 آبادی، 1.2 ارب روپے سبسڈی)اور قلعہ سیف اللہ لاٹ (109 مواضعات، 120,257 آبادی، 3.5 ارب روپے سبسڈی) شامل ہیں۔

پنجاب میں تین منصوبے مکمل کیے گئے،ان میں میانوالی لاٹ کے تحت 190 مواضعات کو کور کیا گیا جہاں 372,742 افراد مستفید ہوئے اور اس منصوبے کے لیے 1.6 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی۔ ننکانہ صاحب لاٹ میں 250 مواضعات شامل تھے جن سے 294,506 افراد مستفید ہوئے، اس منصوبے کے لیے 457 ملین روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی۔

اسی طرح سیالکوٹ لاٹ کے تحت 113 مواضعات کو کور کیا گیا جہاں 144,155 افراد کو سہولت فراہم کی گئی ، اس منصوبے کے لیے 586 ملین روپے کی سبسڈی دی گئی۔یو ایس ایف کے ایک عہدیدار کے مطابق یہ اقدامات ادارے کے اس وژن سے ہم آہنگ ہیں جس کے تحت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے ذریعے غیر مستفید اور کم سہولیات یافتہ طبقات کو بااختیار بنانا اور تمام شہریوں کے لیے تیز رفتار اور کم لاگت انٹرنیٹ کی فراہمی کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر جامع پاکستان کی تشکیل مقصود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button