پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مونگ پھلی کے بیج بہتر بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

Spread the love

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):ایک چینی زرعی ٹیکنالوجی کمپنی اور ایک پاکستانی ایگری بزنس ادارے نے مونگ پھلی کے بہتر بیج متعارف کرانے اور مقامی سپلائی چین قائم کرنے کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے جو پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی کاروباری شراکت داری کے تناظر میں سرحد پار زرعی سرمایہ کاری میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔شینڈونگ رین بو ایگریکلچرل ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان کی عقب کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے نمائندوں نے کہا کہ اس شراکت داری کا مقصد مونگ پھلی کی کاشت کو جدید بنانا اور پاکستان میں طویل المدتی زرعی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

شینڈونگ رین بو ایگریکلچرل ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کی اوورسیز پروجیکٹ کوآرڈینیٹر کیان ہونگ نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ کمپنی پاکستان کی مٹی اور آبپاشی کے حالات کے مطابق مونگ پھلی کی اقسام منتخب کر کے بیجوں کے معیار کو بہتر بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے، جو چین کے حالات سے مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی بیج فراہم کرنے، فارموں میں سرمایہ کاری کرنے، مقامی سطح پر مونگ پھلی کی کاشت کرنے اور پیداوار کو چین برآمد کرنے کے امکانات پر غور کر رہی ہے۔

کیان ہونگ نے بتایا کہ شینڈونگ رین بو گزشتہ دو برسوں سے مقامی شراکت داروں کے ساتھ مونگ پھلی کے بیجوں کی تیاری پر کام کر رہی ہے اور اس دوران آزمائشی کاشت بھی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران مہمان نوازی اور ماحول کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ اپنے دورے سے خاصی متاثر ہوئیں۔عقا ب کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ہیڈ آف ایگری بزنس ڈاکٹر عاطف مجید نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ ان کی کمپنی نے شینڈونگ رین بو ایگریکلچرل ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ باضابطہ شراکت داری قائم کی ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ تعاون پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے ٹھوس فوائد لے کر آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فریقین کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں اور آئندہ مستقبل میں مزید معاہدوں کی توقع ہے۔روڈ میپ پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر عاطف نے کہا کہ شراکت دار پاکستان میں مونگ پھلی کی مکمل سپلائی چین تیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس میں بریڈنگ اور تحقیقاتی سہولیات، ابتدائی پروسیسنگ پلانٹس، کولڈ اسٹوریج اور گودام شامل ہوں گے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ مونگ پھلی کی مختلف اقسام مخصوص مقاصد، خصوصاً روسٹنگ، کے لیے استعمال ہوتی ہیں، اور شینڈونگ رین بو نے خاص طور پر ایسے بیج تیار کیے ہیں جو خستگی برقرار رکھتے ہوئے جلد خراب ہونے کے عمل کو کم کرتے ہیں۔ ان بیجوں کو مقامی اقسام کے ساتھ کراس بریڈ کیا جائے گا تاکہ پاکستانی حالات سے بہتر مطابقت پیدا کی جا سکے۔ڈاکٹر عاطف نے کہا کہ اس تعاون کا مقصد مقامی صلاحیت کو مضبوط بنانا، بیجوں کے معیار کو بہتر کرنا اور منصوبے کے عملی نفاذ کے ساتھ کسانوں میں اس کی وسیع پیمانے پر اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button