
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایا، سیمینار کا انعقاد کیاجس میں اساتذہ، افسران، ملازمین اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے کی جبکہ نظامت کے فرائض شعبہ تاریخ کی چئیرپرسن، ڈاکٹرکشور سلطانہ نے انجام دئیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر یوں کا ساتھ دیا ہے اور دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائد کا فرمان ہے’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے’، شہ رگ کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے۔سیمینار کے مہمان مقرر، ڈاکٹر اشرف وانی نے کشمیریوں کی آواز پہنچائی، انہوں نے کہا کہ اسطرح کے سیمینارز، کانفرنسز اور یوم سیاہ منانے سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں، لیکن کشمیری چاہتے ہیں کہ امت مسلمہ کو کشمیریوں اور فلسطین کے ساتھ عملی طور پر کھڑے ہونا چاہئیے جس طرح فلسطین کے خلاف جنگ میں پورا مغرب اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔دیگر مقررین میں ڈاکٹر عبدالباسط مجاہد، ڈاکٹر کوثر پروین، ڈاکٹر محمد ساجد خان اور ڈاکٹر ملک حماد احمد شامل تھے۔مقررین نے بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری کو کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوا م پر بھارتی مظالم افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، پاکستانی قوم کشمیر میں بھارتی مظالم پر دکھی ہے۔کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کے لئے ریلی بھی نکالی گئی جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ ٗ آفیسرز ٗ کارکن اور طلبہ و طالبات کثیر تعداد میں شریک تھے۔ریلی میں شریک طلبہ و طالبات نے "ہم تمھارے ساتھ ہیں ” ” کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” "کشمیر بنے گا پاکستان ” اور "کشمیروں سے کیا رشتہ:لااللہ الاللہ "کے لکھے ہوئے بینرز اور پوسٹرز تھامے ہوئے تھے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگارہے تھے۔