پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے بنوں علماء کرام کانفرنس

Spread the love

 

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ضلع بنوں میں ایک روزہ علماء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا بنیادی مقصد بنوں کو پولیو فری بنانے میں علماء کرام کو شامل کرنا تھا تاکہ علماء کرام کی مشاورت و کردار سے پولیو جیسے موضی مرض کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ بنوں علماء کرام کانفرنس میں بنوں ڈویژن کے چیدہ چیدہ نامور علماء کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں علماء کرام کے علاؤہ صوبائی حکومت کی جانب سے نگران وزیر صحت ڈاکٹر ریاض انور، سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر، کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل، ریجنل پولیس افسر قاسم علی خان، پاک آرمی کی جانب سے کرنل آصف، صوبائی انسداد پولیو کوآرڈینیٹر عبدالباسط، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر رحمان آفریدی سمیت ماہر اطفال نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ علماء میں سابقہ ضلعی خطیب بنوں مولانا مفتی عبدالغنی، مولانا نسیم علی شاہ، مولانا قاری محمد رومان شمالی وزیرستان ، مولانا ضابطہ علی خان، مولانا سید فدا احمد شاہ، مولانا قاری حافظ اسماعیل، مولانا فضل الرحمن، مفتی اسلم نور صاحب، مولانا فتح القدیر صاحب، مولانا امدداد اللہ حقانی کے علاؤہ سینکڑوں علماء کرام نے شرکت کی۔ پولیو وائرس کے خاتمے کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ علماء کانفرنس میں علماء کرام اور دیگر شرکاء کی جانب سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ بنوں کو پولیو فری بنانے میں کس طرح علماء کرام آپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پولیو وائرس کے خاتمے کے حوالے سے منعقدہ علماء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر صحت ڈاکٹر ریاض انور نے کہا کہ تمام امراض بشمول کینسر، دل کے امراض سب پاکستان میں موجود ہیں لیکن پولیو کے مرض سے بچہ جسمانی طور پر دائمی معذوری کا شکار ہو جاتا ہے اور ساری عمر کیلئے بستر پر پڑا رہتا ہے مطلب اس ایک بچے کے ساتھ پورا خاندان مفلوج ہوکر رہ جاتاہے۔ پولیو کا مرض جب ایک دفعہ ایک علاقے میں پھیل جاتا ہے تو ایسا نہیں ہے کہ اس علاقے میں صرف یک دو مریض ہونگے بلکہ یہ تعداد زیادہ ہو سکتی ہے۔ اسلئے ہم سب پر فرض ہے کہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے بہت زیادہ احتیاط کریں لوگوں کو آگاہی اور تعلیم دینے سے ہم اپنے آپ کو اور دیگر لوگوں کو بچا سکتے ہیں۔ نگران وزیر صحت ریاض انور کا پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے کہنا تھا کہ پہلے لوگ کہتے تھے کہ یہ ڈراپس ٹھیک نہیں ہیں یہ امریکہ اور یورپ سے آتے ہیں بحثیت ڈاکٹر میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں پولیو ویکسینیشن بہت ہی مفید ہے اور اس میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پہلے انسانیت اور مسلمانی ہے بعد میں وزرات ہے لہذا سب کو یقین سے کہتا ہوں کہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسینیشن ضرور کروائیں تاکہ موجودہ اور ہمارے آنے والی نسلیں اس موضی مرض سے نجات حاصل کر سکیں۔ سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا محمود اسلم وزیر نے علماء کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں آپ لوگوں سے زیادہ اہم کردار کسی کا بھی نہیں ہے علماء کرام کسی معاشرے کے آگہی اور شعور میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہمارے صوبے میں پولیو وائرس کا خاتمہ ہو چکا ہے صرف بنوں کے علاقے میں پولیو وائرس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اب پولیو کے کوارڈینیٹر سمیت تمام ڈاکٹرز کو یہاں پر اسلئے منتقل کئے گئے ہیں تاکہ بنوں سے بھی پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جاسکے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب یہاں کہ تمام علماء کرام کی سپورٹ انتظامیہ کو حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہمیں دسمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے اور ہمیں آپ سب سے امید ہے اور آپ علماء کرام کی تعاون کی ضرورت ہے تاکہ اس موضی وائرس کے خاتمہ کیا جاسکے۔ کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل نے علماء کرام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکثریت لوگوں کو پتا ہے کہ یہ پولیو ویکسینیشن ہمارے بچوں اور نسلوں کیلئے بہت مفید اور ضروری ہے۔ کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل نے علماء کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ نادان اور شرپسند لوگوں کی وجہ سے پوری دنیا میں پولیو کے حوالے سے بنوں کی بدنامی ہو رہی ہے جبکہ کسی کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچاؤ میں مدد کرنا ایک انسانی امانت ہے جس میں پروپیگنڈا کرنے والے انسانی صحت کے حوالے سے امانت میں خیانت کے مرتکب ہو رہے ہیں پولیو جیسے موضی مرض کے خاتمے کیلئے علماء کرام کے کانفرنس کا انعقاد بہت خوش آئیند ہے کیونکہ حجروں کی رویات ختم ہو رہے ہیں جبکہ مساجد آج تک آباد ہیں اور رہیں گے اسلئے علماء کرام کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ سب سے پولیو وائرس آگہی و شعور پھیلانے کی اپیل کرتے ہیں تاکہ ہمارے بچے اور نسلیں اس دائمی مرض سے بچ سکیں۔ کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل نے پولیو مہمات میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کیلئے علماء کرام سے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف مختلف پروپیگنڈے محض جھوٹ پر مبنی ہیں جس پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں اسی طرح ماضی میں پولیو نے مختلف ممالک میں لوگوں کو کافی نقصان پہنچایا ہے اس کے بعد ان لوگوں نے اس پر تحقیق کرکے اس سے نجات پائی ہے لیکن بدقسمتی سے ہم ابھی بھی پولیو وائرس سے جنگ لڑ رہےہیں سابق ڈسٹرکٹ خطیب مفتی عبد الغنی نے علماء کرام سے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ ہم سب مل کر اس کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں گے۔ پولیو وائرس کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ بنوں علماء کانفرنس میں مختلف علماء کرام نے پولیو مرض کے خاتمے پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا اور حکومت کو تجاویز فراہم کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button