خیبر پختو نخوا کے نگران وزیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ سے سپارکو نیشنل سپیس ایجنسی آف پاکستان کے نمائندہ وفد کی ملاقات
خیبر پختو نخوا کے نگران وزیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر نجیب اللہ سے سپارکو نیشنل سپیس ایجنسی آف پاکستان کے نمائندہ وفد نے بدھ کے روز پشاور میں ملاقات کی
سپارکو وفد ممبر سپیس ایپلیکیشن اینڈ ریسرچ ظفراقبال، ڈائریکٹر ایس ڈی ایس ڈاکٹر امتنان ڈائریکٹر سپارکو خیبر پختونخوا ڈاکٹر سید رحمان پر مشتمل تھا،
اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی محمد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری حبیب عارف، ڈائریکٹر جنرل ساجد حسین شاہ سمیت جنگلات، ترقی و منصوبہ سازی اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔،
اجلاس میں سپارکو وفد نے سیٹلائٹ بیسڈ میپنگ پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ سپارکو، زراعت، جنگلات، موسمیاتی تبدیلی، پلاننگ ڈویلپمنٹ وغیرہ میں سیٹلائٹ بیسڈ میپنگ کی خدمات پاکستان سمیت دیگر ممالک کو فراہم کررہا ہے اور سیٹلائٹ کے ذریعے فصلوں کی صورتحال اور قدرتی آفات سے متاثرہ زمین کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے
خاص کر ان امور کاجائزہ لینا کہ ناگہانی آفات سے پہلے زمین پر کتنے ڈیم تھے اور یہ کہاں کہاں واقع تھے پچھلے سال زمین کے کسی حصے پر کتنے درخت تھے اور اب کتنے ہیں یہ میپنگ صحیح اور حقیقت پر مبنی ہوتی ہے،
وفد نے صوبائی وزیر کو مزید بتایا کہ سپارکو نے بلوچستان میں بھی ڈیموں کی میپنگ کی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں محکمہ زراعت اور جنگلات کو بھی سپارکو کی خدمات حاصل ہیں اسی طرح افغانستان، جورڈن اور ازبکستان کو بھی سپارکو خدمات فراہم کر رہا ہے۔
نگران صوبائی وزیرنے سپارکو کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اگر معلومات صحیح اور مستند ہوں اور ان کا معیار اور مقدار بھی بڑی حد تک صحیح ہو تو ایسی رپورٹنگ معاشی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے
انہوں نے کہا کہ سپارکو کی خدمات حاصل کرنے کے لیے دیگر سرکاری محکموں سے بھی مشاورت کریں گے جس کے بعد سپارکو کے ساتھ ایک مفاہمتی یا داشت پر صوبائی حکومت دستخط کرے گی انہوں نے سپارکو کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس سلسلے میں آئندہ بھی اجلاسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔