وزیراعظم کی معاون خصوصی انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے نئی نسل میں جدوجہد کشمیر کا جذبہ پیدا کرنے میں تعلیمی اداروں کے کلیدی کردار پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک بھر کی جامعات کے 256 وائس چانسلرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کا اہتمام چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کیا۔ اجلاس کشمیر کے حق خودارادیت کے دن منعقد ہونے کے حوالے سے زیادہ اہمیت کی حامل تھی۔
مشعال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستانی حکومت نے آر ایس ایس کو خطے میں اپنے نظریات پر عمل درآمد کے لئے لا محدود مینڈیٹ دیا ہے جس کے نتیجے میں آر ایس ایس کے نظریات پورے ہندوستانی معاشرے میں بڑے پیمانے پر پھیل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور آر ایس ایس کے درمیان تعاون نے ہندوستان کی اقلیتوں اور خطے کے مجموعی امن و استحکام کے لئے خطرہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ آر ایس ایس کے دہشت گردی کے مختلف براعظموں میں پھیلے نیٹ ورک کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔
مشعال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی خوشحالی اور علاقائی استحکام کا حصول مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر منحصر ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے تھنک ٹینکس کی تشکیل میں تعلیمی اداروں کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی جو کسی بھی انقلاب یا تحریک کی کامیابی کے لئے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی مختلف یونیورسٹیوں میں کشمیر سینٹرز کے قیام کا خیر مقدم کیا۔
مشعال ملک نے فلسطین اور کشمیر کی صورتحال کی طرف توجہ مبذول کرائی جہاں قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے سیاسی رہنماؤں کو عالمی سطح پر سفر کرنے اور بین الاقوامی فورمز پر اپنا مقدمہ پیش کرنے کی اجازت ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں مقبوضہ کشمیر کی حقیقی پرامن قیادت کو بھارت کی جانب سے مختلف طریقوں سے ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مواصلات اور اطلاعات کی بندش کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنے۔
مشعال ملک نے شرکاء کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دانشوروں پر مشتمل کشمیر ایڈوائزری کمیٹی کے کام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو دعوت دی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے جواب میں سفارشات کی تیاری میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کشمیریوں کے حق خوارادیت کے دن کے موقع پر وائس چانسلرز کا اجلاس منعقد کرنے پر ہائر ایجوکیشن کی کاوشوں کو سراہا ۔