
ضلعی کمیٹیاں ٹرانسجنڈر کمیونٹی سے متعلق جامع ڈیٹا اکٹھا کرے گی: معاون خصوصی
اسلام آباد، 07 جنوری، 2023: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں، مشعال حسین ملک نے ملک بھر میں نچلی سطح پر ٹرانسجنڈر کمیونٹی کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وہ دریچہ اور اے کیو خان فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقدہ "نان بائنری اور ٹرانس جینڈر افراد کی فلاح و بہبود اور کمیونیکیشن ڈیولپمنٹ” ورکشاپ سے خطاب کر رہی تھی۔ ورکشاپ سے معاون خصوصی کی فوکل پرسن، محترمہ سبین حسین ملک اور معاون خصوصی کے مشیر برائے آرٹ، کلچر اور یوتھ ،پروفیسر ظفر اقبال نے بھی خطاب کیا۔ دریچہ تنظیم کے نمائندوں جمیلہ، شیلا، عثمان اور اکش نے ٹرانس جنڈر کمیونٹی کو درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔
مشعال ملک نے کہا کہ 0.3 ملین سے زیادہ خواجہ سرا سرکاری طور پر متعلقہ سرکاری محکمے میں رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے حکومت کے ایک ملک گیر عوامی مہم ‘دختر’ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم عوام کو صنفی شناخت کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم نہ صرف عوامی بیداری پر کام کرے گا بلکہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے تحفظ، روزگار کے مواقع اور ہنر کی ترقی کے پروگراموں پر بھی توجہ مرکوز کرے گا۔
مشعال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ ٹرانسجنڈر کمیونٹی آئین پاکستان میں درج تمام بنیادی حقوق کے حقدار ہیں۔ انہوں نے ٹرانس جینڈر پرسنز (پروٹیکشن آف رائٹس) ایکٹ، 2018 پر روشنی ڈالی۔ ایکٹ میں نہ صرف ٹرانسجینڈر افراد کے حقوق کو تسلیم کیا گیا ہے ہے بلکہ اس میں وراثت، ووٹنگ، تعلیم، روزگار، صحت کی دیکھ بھال، اجتماع، عوامی مقامات تک رسائی، اور عوامی عہدہ رکھنے کے حقوق کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
مشعال ملک نے ملک کی ترقی میں ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام سطحوں اور شعبوں میں ان کے اہم کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سو روزہ پلان میں ٹرانسجنڈر کمیونٹی کے حقوق کو فروغ دینے کے دفعات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سو روزہ پلان میں ان سارے امتیازی قوانین اور طرز عمل کا خاتمہ شامل ہے جو ٹرانس جینڈر افراد کو صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم میں روکاوٹ کا باعث بنتے ہیں۔
مشعال ملک نے ٹرانس جنڈر کمیونٹی کے بارے میں جامع ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جامع ڈیٹا اکٹھا کرنے سے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، روزگار، سماجی تحفظ، سوشل میڈیا ٹریننگ اور ووکیشنل ٹریننگ دینے کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو بااختیار بنانا اور انہیں معاشی طور پر خود مختار شہری بننے کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب انسان ہیں اور معاشرے اور ریاست کی ترقی اور فروغ کے لیے ہر مثبت کام کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے ٹرانسجنڈر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو آگے بڑھانے میں دریچہ تنظیم کی کوششوں کو بھی سراہا۔