راولپنڈی: جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور تحریک انصاف کے 15 کارکنوں کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی اور پی ٹی آئی کے 3 امیدواروں سمیت 24 کارکنوں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ آج محفوظ کرلیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور پی ٹی آئی کارکنوں کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
اسی طرح جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی ضمانت کی توثیق کر دی گئی۔
عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔
9 مئی کو شیخ رشید اور راشد شفیق کی مرگاہ اور تھانہ سٹی مقدمات میں ضمانت منظور ہوئی تھی۔
شیخ رشید کو مجموعی طور پر گیارہ مقدمات میں ضمانت دی گئی تھی لیکن ایک کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر انہیں اور راشد شفیق کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
شیخ رشید کو جی ایچ کیو پر حملے کے ایک اور مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کا اندراج تھانہ نیو ٹاؤن نے کیا تھا۔
ادھر حساس ادارے کے دفتر پر حملے اور آتشزدگی کے مقدمے میں تھانہ نیوٹاؤن پولیس نے شیخ رشید کو باقاعدہ گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق شیخ رشید احمد کا جسمانی ریمانڈ بدھ 17 جنوری کو حاصل کیا جائے گا۔
گرفتاری کے بعد نیو ٹاؤن تھانے میں شیخ رشید کو ادویات اور گرم کمبل پہنچائے گئے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کے خلاف سانحہ 9 مئی کے حوالے سے 12 مقدمات درج ہیں جن میں پولیس نے ان کی گرفتاری کی درخواست کی ہے۔