ویمن میڈیا سینٹر کے طلبہ کا خیبر پختونخوا اسمبلی کا دورہ: پارلیمانی رپورٹنگ اور اسمبلی امور پر بریفنگ

Spread the love

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی ہدایات پر اسمبلی کے تعلیمی دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان نسل، بالخصوص خواتین کو جمہوری اقدار اور پارلیمانی نظام سے آگاہ کرنا ہے۔ حالیہ دورے میں ویمن میڈیا سینٹر کے طلبہ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا دورہ کیا، جس کا مقصد طلبہ کو پارلیمانی رپورٹنگ، قانون سازی کے عمل، اور اسمبلی کے دیگر امور پر آگاہی فراہم کرنا تھا۔

اسمبلی کے اسپیشل سیکرٹری سید وقار شاہ نے طلبہ کو اسمبلی کی کارروائی، قانون سازی کے عمل، اور قراردادوں کی تیاری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ طلبہ کو پارلیمانی رپورٹنگ کے اصول اور میڈیا کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی تاکہ وہ اسمبلی کی اہمیت اور جمہوری عمل کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

دورے کے دوران طلبہ نے اسمبلی ہال، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے دفاتر، میڈیا گیلری، اور دیگر اہم مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسمبلی کے عملے نے طلبہ کے مختلف سوالات کے مدلل جوابات دیے اور انہیں پارلیمانی امور کی عملی تفہیم فراہم کی۔

طلبہ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی قیادت اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس دورے کو اپنے علم اور شعور میں اضافے کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے یہ تعلیمی دورے خواتین اور نوجوان نسل کو جمہوری اقدار اور پارلیمانی نظام سے روشناس کرانے کے عزم کی عملی تصویر ہیں۔ اسمبلی کی قیادت ایسے مزید اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button