
سوات(بیورورپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے ایک ، ایک چیز لکھی ہوئی ہے، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پچھلی باتوں کا حساب دینا پڑے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں مینگورہ کے گراسی گراؤنڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز،صوبائی صدرانجینئر امیر مقام ،قومی وصوبائی اسمبلی کےا میدوارں نے بھی خطاب کیا ۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کے پی کے عوام کی حالت پر ترس آتا ہے کہ کس شخص کے جھانسے میں پھنس گئے، سوات والوبتاو ! 50لاکھ گھروں میں سے ایک گھر بھی ملا؟، بتایا جائے عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے گئے؟، بتایا جائے سیدھے سادھے لوگوں کو دھوکا کیوں دیا گیا؟، خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
کہاں گیا وہ بلین ٹری کا منصوبہ؟سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایک شخص خیبرپختونخوا سے ملک بھر میں ایکسپورٹ ہوا، اس شخص کو پاکستان تباہ کرنے کی اجازت کیوں دی گئی؟، بانی پی ٹی آئی کو پچھلی باتوں کا حساب دینا پڑے گا، میں نے ایک ایک چیز لکھی ہوئی ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی 10 سال کے پی میں حکومت رہی ہے، دس سال ہمیں ملتے تو آج صوبہ سب سے خوبصورت صوبہ ہوتا، ترقی یافتہ ہوتا لیکن نیا پاکستان تلاش کرتے کرتے پرانا پاکستان بھی تباہ کردیا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ بتایا جائے 300 ڈیم کہاں ہیں؟۔
قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی قوم سے جھوٹ نہیں بولا ، آئندہ بھی سچ بولوں گا، قوم کو دن رات جھوٹ بولا جاتا تھا ، دھوکے دیئے جاتے تھے، کے پی میں ایک ایک منصوبہ مکمل کریں گے، آزمائے ہوئےکو دوبارہ آزمانا ٹھیک نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے آپ کو چکر دیا گیا ، اب آپ مجھے چکر نہ دینا۔
انہوں نے کہاکہ مجھے صرف بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا اگر مجھے دس سال حکومت ملتی تو آج کوئی بے روزگار نہ ہوتا۔
انہوں نے کہاکہ یہاں دن راٹ جھوٹ بول کر دھوکے دئے گئےلیکن آج جھوٹے شخص کو اللہ سے معافی مانگنی چاہیے میں بھی اللہ سے معافی معانگوں لیکن عمران خان بھی معافی مانگے ۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کو موقع ملا تو کے پی کی تقدیر بدل دیں گےکیونکہ میں نے اپنے والدین اور بیگم کا غم سہا لیکن عوام کا غم برداشت نہیں کرسکتااور یہی وجہ ہے کہ آج میں عوام کے درمیان موجودہوں ۔
انہوں نے کہاکہ اب کہ بار مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں انشاء اللہ ہم اقتدار میں کر عوام کو ہر ایک بنیادی سہولت انہیں دہلیز پر فراہم کریں گے۔