
سوات(بیورورپورٹ ) سوات کے پراپر ٹی ڈیلر مومن خان نے اپنے چھوٹے بچوں کے ہمراہ سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہےکہ میں نے2500فٹ اراضی سجا د علی آف گوالیرئی پر فروخت کی تھی جو خود ملائشیا میں ہے لیکن ان کے بھائیوں کی ایماء پر رحیم آباد پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او حبیب سید نے مجھے بے جا تنگ کرنا شروع کردیا ہے جس سے میری زندگی اجیرن ہوچکی ہے، اگر مجھے آئی جی پی، ڈی آئی جی اور ڈی پی او نے انصاف فراہم نہیں کیا تو آج 21فروری دوپہر 12بجے کو بائی پاس چوک میں اپنے بچوں سمیت خود کشی کروں گا، جس کی تمام تر ذمہ داری ایس ایچ او حبیب سید پر عائد ہوگی، انہوں نے کہا کہ فروخت ہونے والی اراضی میں نے جس شخص سے خریدی ہے وہ جیل میں ہے جیسے ہی وہ جیل سے رہا ہوگا تو اراضی سجاد علی کے نام پر منتقل کرادوں گا، انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ڈیلر ہوں اور باقاعدہ لائسنس رکھتا ہوں میرے خلاف انکوائری کی جائے اگر کوئی جرم ثابت ہوگیا تو ہر سزاکے لئے تیار ہوں لیکن ایس ایچ او حبیب سید نے کوئی مقدمہ درج کئے بغیر میری زندگی اجیرن کر دی ہے جس سے میں تنگ آچکا ہوں۔