
سوات(بیورورپورٹ)انسٹی ٹیوٹ آف فارسٹ سائنسز یونیورسٹی آف سوات نے تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس کا موضوع موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے زیرِ اثر جنگلات کے مسائل کا مؤثر اور پائیدار حل تلاش کرنا تھا۔ کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی محققین سمیت تین سو افراد نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز مورخہ 4 فروری 2025 سے ہوا۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت سید صفدر علی شاہ (چیف کنزرویٹر کے پی کے )نے کی۔ افتتاحی تقریب کے بعد ٹیکنیکل سیشنز منعقد ہوۓ۔ دوسرے روز مورخہ 5 فروری 2025 کو ہونے والے ٹیکنیکل سیشنز کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر رئیسِ جامعہ سوات نے کی۔ مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ ایسی تحقیقی اور علمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا تا کہ ہمارے طلباء ان سے مستفید ہو سکیں۔ کانفرنس کے منتظم ڈاکٹر شیر شاہ کا کہنا تھا کہ ادارے نے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کروا کے جنگلات کے موضوع کو تقویت بخشی ہے۔ ۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب کا انعقاد مورخہ 6 فروری 2025 کو پی سی ہوٹل ملم جبہ میں کیا گیا جہاں مہمانوں، منتظمین اور دیگر طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔