کراچی کنڈا مافیا کی بجلی چوری الٹا سینہ زوری 

کالم نگار: محمد شہزاد بھٹی 

Spread the love

 

صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتا ہے جو معاشرے میں ہونے والی نا انصافیوں، برائیوں، ظلم و زیادتی کے خلاف قلم سے جنگ لڑتا ہے۔ دور حاضر میں حق سچ پر مبنی رپورٹنگ کرنا محال ہو گیا ہے۔ صحافی معاشرے کے سدھار کیلئے علاقائی مسائل اور جرائم کی بلا خوف و خطر دلیری سے نشاندہی کرتے ہیں جبکہ آئے روز صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے، جھوٹے مقدمات میں الجھانا اور قتل جیسے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ آئیے آج ہم بات کرتے ہیں کراچی گلستان جوہر کی جہاں بجلی چور کنڈا مافیا اس قدر بے لگام ہو چکا ہے کہ فی گھر ماہانہ بھتہ وصول کیے جانے لگا ہے۔ جس سے K-الیکٹرک کمپنی کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے، تمام ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں کیونکہ مافيا سب کو حصہ پہنچا رہا ہے۔ یاد رہے، مافيا کو سیاسی جماعت کے سیکٹر آفس کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ بجلی چور کنڈا مافيا کی کراچی ڈویژن کے صدر معروف صحافی سید عاصم رضا کی جانب سے حقائق منظر عام پر لانے پر ان کے خلاف طرح طرح کے سازشی حربوں پر اتر آیا ہے۔ پاکستان میڈیا ایسوسی ایشن صوبہ سندھ کا اس سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس کراچی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت معروف صحافی اور پاکستان میڈیا ایسوسی ایشن صوبہ سندھ کے صدر وحید منظر نے کی۔ اجلاس میں K-الیکٹرک کے غنڈا گرد عناصر کی جانب سے کراچی ڈویژن کے صدر معروف صحافی سید عاصم رضا کو حراساں کرنے، بدنام کرنے اور جھوٹے بےبنیاد الزامات لگا کر بلیک میل کرنے کے مکروہ عمل کی شدید مذمت کی گئی۔ مذمتی قرارداد میں کہا گیا کہ محمد علی گلگتی سیمی اسکیل لائن مین اخبارات میں خبروں کی اشاعت کے بعد سید عاصم رضا سے دشمنی پر اتر آیا ہے اور سید عاصم رضا کو جھوٹے الزامات لگا کر مختلف اداروں میں بدنام کر رہا ہے لہذا اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ محمد علی گلگتی کے سیاہ کرتوتوں کو تحفظ دینے کی بجائے K-الیکٹرک گلستان جوہر کراچی کے اعلی افسران اور ہیڈ آفس کے حکام اس معاملے کا نوٹس لیں محمد علی گلگتی کنڈا مافیا کا سرپرست ہے اور بجلی چوری میں ملوث ہے، لاکھوں روپے آف دی ریکارڈ بھتہ خوری میں بھی ملوث ہے لہذا محمد علی گلگتی گینگ کے خلاف فوری سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے عذاب سے نجات مل سکے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میڈیا ایسوسی ایشن سندھ کے صدر وحید منظر نے کہا کہ صحافی برادری کو جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے تحت جانی مالی اور آبرو کا تحفظ فراہم کیا جائے۔ سچ لکھنے کی پاداش میں دشمنی پر اترنے والے عاقبت نا اندیش عناصر کو ادارے سے برطرف کیا جائے اور کنڈا مافیا کرپٹ کالی بھیڑوں کو K-الیکٹرک سے فوری برطرف کیا جائے۔ انہوں نے وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ظلم و ستم پر فوری ایکشن لیں ریکوری کے لیے عوام کو حراساں کرنا، تاریں کاٹنا، میٹر اتارنا اور ایف آئی اے کے ساتھ شہریوں کو گرفتار کرنا اور ان کی پاکستانی شہریت کی توہین کرنا نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی پامالی ہے بلکہ عوام کو بغاوت پر اکسانے اور فساد برپا کرنے کی سازش کی کڑی بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ K-الیکٹرک ظالم جابر اور قاتل بددیانت ادارہ بن چکا ہے جو قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر کنڈا مافيا کو بجلی چوری کروا کر بھتہ خوری کے ذریعے اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف عمل ہے۔ حکومت کو چاہیے عوام کے وسیع تر مفاد میں بجلی کی تقسیم کا نظام قومی تحویل میں لے کر عوام کو اس عذاب سے نجات دلائے۔ اس موقع پر صوبہ سندھ کے نائب صدر سعد سلیم، جنرل سیکرٹری صوبہ سندھ طارق محمود، جوائنٹ سیکرٹری صوبہ سندھ اسد جیلانی، آفس سیکرٹری صوبہ سندھ سید محمد امین، کراچی ڈویژن کے صدر سید عاصم رضا زیدی کراچی ڈویژن کے چیئرمین ڈاکٹر نور محمد قریشی، فراز بلوچ، سید حسن شاہ، امجد لاشاری، سید یاسر علی، رئیس احمد، اسامہ بٹ، ندیم عثمان، علی منصور رضوی اور دیگر صحافی کثیر تعداد میں موجود تھے بعدازاں مذمتی قرارداد اکثریت سے منظور کی گئی۔ اس موقع پر قائدین کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ K-الیکٹرک اہلکاروں کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے نہ صرف عدالت عالیہ سے رجوع کیا جائے گا بلکہ ان کے کرتوتوں کو بے نقاب کرنے کے لیے سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا پر بھرپور مہم بھی چلائی جائے گی۔ ایک صحافی کا کردار یہی ہونا چاہئے جو سید عاصم رضا نے نبھایا۔کہتے ہیں کہ ایک ضمیر فروش صحافی سے ایک جسم فروش عورت لاکھ درجے بہتر ہے کیونکہ وہ صرف اپنا جسم بیچتی ہے لیکن جب صحافی اپنی صحافت کو بیچتا ہے تو وہ پوری قوم کو بیچ دیتا ہے گویا وہ ایک جسم فروش طوائف سے بھی گیا گزرا ہے۔ صرف وہی شخص صحافی کہلانے کا حقدار ہے جو وقت پر نہ صرف اپنے حصے کا سچ بولتا ہے بلکہ سچ کے اظہار پر پیش آنے والی مشکلات کا سامنا بھی کرتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ہمارا شمار کس قسم کے صحافیوں میں ہوتا ہے؟ آئیے دیکھتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ہمیشہ ایسے بدعنوان، بدکردار لوگوں کو ایکسپوز کر کے اپنی صحافتی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھاتے رہے گے، اللہ کریم ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button