
سوات(بیورورپورٹ)
ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ڈائریکٹرجنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی /ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کہ ہدایت پرضلع بھر کی طرح سوات کے سیاحتی مقامات وادی کالام اور گبین جبہ میں صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے احکامات پر "گرین گروتھ سٹریٹیجی – بلین ٹری پلس پلانٹیشن ڈرائیو” مون سون شجرکاری مہم کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر کرامت علی نے محکمہ جنگلات کے حکام کے ساتھ کالام اور گبین جبہ میں سینکڑوں پودے لگائیں جبکہ اوشو فارسٹ کالام میں ٹی ایم اے حکام کے ساتھ مشترکہ طور پر صفائی مہم کرکے اوشو فارسٹ سے بڑی مقدار میں چپس،پاپڑ،شاپر اور دیگرکوڑاکرکٹ اٹھاکرصفائی کی گئی ۔صفائی او شجرکاری مہم میں محکمہ جنگلات ،ٹی ایم اے ،ضلع انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے حصہ لیا ۔ترجمان کا مزید کہناتھا کہ ڈائریکٹر جنرل اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پیغام دیا ہےکہ وادی سوات پوری دنیا میں اپنی خوبصورتی کی وجہ سے مشہور ہے مگر بدقسمتی سے سیاحوں سمیت مقامی لوگ کھانے پینے کے بعد گندگی کو ایک سائیڈ پر رکھنے کے بجائے جگہ جگہ پھینکتے ہیں جس سے علاقے کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے۔ لہٰذا آنے والے سیاح اورمقامی لوگ بھی صفائی میں اخلاقی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔شجرکاری مہم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، آلودگی، ماحول کو متاثر کرنے والے دیگرعوامل سے منفی اثرات پیدا ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں ہم کبھی سیلاب، کبھی زلزلہ یا کبھی دیگرقدرتی آفات کی صورت میں دیکھتے ہیں۔اس لئے ہمیں اپنے بچوں کے بہتر مستقبل اور زندگی محفوظ بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے چاہیے۔
….