
سوات (بیورورپورٹ) سابق وزیر اعلیٰ اور چئیرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین محمود خان نے سوات کے علاقے امان کوٹ میں تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے نوجوان کھلاڑی عامر خان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے۔ نوجوان کھلاڑی عامر خان، ان کے خاندان اور علاقہ مکینوں نے سابق وزیر اعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پرسابق وزیر اعلی محمود خان نے عامر خان کے لئے پانچ لاکھ روپے کے انعام کا اعلان بھی کیا، بنکاک میں ہونے والے تھائی کوانڈو کے عالمی مقابلوں میں گولڈ مڈل حاصل کرنے والے عامر خان سے سابق وزیراعلی محمود خان نے ان کی رہائش گاہ امانکوٹ میں ملاقات کی او شاندار کامیابی پر ان کو مبارکباد دی او ان کی کارکردگی کو سراہا۔سابق وزیر اعلیٰ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے عامر خان کی حوصلہ افزائی نہیں کی، حالانکہ ایسے کھلاڑیوں کی قدر کی جانی چاہئے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عامر خان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ ملک کا یہ قیمتی اثاثہ اور ٹیلنٹ ضائع نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسے قومی ہیرو ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی کی گئی، اسی طرح سوات کے عامر خان بھی اس پزیرائی کے مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود بھی کھلاڑی تھے اور وہ کھلاڑیوں کی قدر اور عزت کرتے رہتے ہیں، اور جب میں وزیر اعلی تھا تو ان کا ویژن تھا کہ سپورٹس کو پروموٹ کیا جائے اور ینگ ٹیلنٹ کو آگے لے کر آئیں ، مگر آج ان کی صوبائی حکومت ایک قومی ہیرو کو نظر انداز کرکے ان کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کھلاڑی کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہوتا، میدان میں وہ گرین شرٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت نے عامر خان کو وزیر اعلیٰ ہاؤس مدعو نہیں کیا اور ان کی حوصلہ افزائی نہیں کی، جس سے قومی ہیرو مایوس ہوا۔آخر میں، سابق وزیر اعلیٰ نے تائیکوانڈو کے انٹرنیشنل کھلاڑی عامر خان کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔