
باجوڑ(نمائندہ خصوصی) خار بازار میں تاجر برادری کے انتخابات مکمل، واجد علی شاہ نے بھاری اکثریت سے میدان مار لیا۔ تفصیلات کے مطابق خار بازار میں تاجروں کا الیکشن بخیروعافیت اختتام کو پہنچا۔ انتظامیہ اور تاجربرادری کے زیر نگرانی صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع کیا گیا جو کہ جو دوپہر 1 بجے تک جاری رہا۔ پولنگ کے دوران ٹوٹل 2500 سے زائد دکانداران نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا جن کے مطابق واجد علی شاہ 913ووٹ لیکر صدر منتخب جبکہ حاجی امیر الرحمان نے دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے 657ووٹ حاصل کی، شاہ ولی خان علیزئی اور لعلی شاہ نے 346،346 ووٹ حاصل کیے جبکہ مفتی فضل محسن نے 309ووٹ لیے۔ نومنتخب صدر واجد علی شاہ نے تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خار بازار کے تاجر برادری نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خدمت کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تاجر برادری کے حقوق کے لئے مخلصانہ جدوجہد کی ہے جس بنیاد پر آج سرخرو ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے تمام مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے اور حقوق کے حصول کے تک اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر نو منتخب واجد علی شاہ نے صاف و شفاف انتخابات کرانے پر تاجربرادری اور انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔