
سوات(بیورورپورٹ )سوات کے علاقے کانجو ٹاؤن شپ کی رہائشی خاتون نے ڈیڑھ ماہ سے لاپتہ جواں سال بیٹے کو بازیاب کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ قرض خواہوں نے اس کے بیٹے کو لاپتہ کردیا ہے۔سوات پریس کلب میں کانجو کی رہائشی بیوہ خاتون فاطمہ نے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا امین اللہ جس کی عمر 22سال ہے 15-16اگست سے اسلام آباد سے سوات آتے ہوئے لاپتہ ہوگیا ہے، گمشدگی کے 4دن بعد بیٹے کے موبائل سے نامعلوم افرد نے واٹس ایپ پر وائس میسیج کے ذریعے پیغام دیا کہ امین اللہ کو قرض کے عوض اٹھا یا گیا ہے لہٰذا قرض واپس کرنے پر اسے چھوڑ دیا جائے گا، بیوہ خاتون نے قرض خواہوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بیٹے کو چھوڑ دیا جائے۔ اس کا جو بھی قرضہ ہے اس کیلئے وہ اپنی تمام جمع پونجی اور زیورات وغیرہ فروخت کرکے ان کا قرضہ ادا کردے گی لیکن اس کے بیٹے کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچایا جائے۔ متاثرہ خاتون نے مزید کہا کہ امین اللہ اس کا واحد سہارا ہے اور اس کے علاوہ اس کا کوئی نہیں، بیٹے کی گمشدگی کی وجہ سے وہ شدید پریشانی کی شکار ہے۔ خاتون نے ضلعی پولیس حکام اور دیگر ذمہ داروں سے بھی بیٹے کی بازیابی کیلئے مدد دینے کی اپیل کی ہے۔