
اپر چترال (نمائندہ نوائے دیر) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بونی میں کیمسٹ ایسوسی ایشن بونی اپر چترال کی جانب سے گزشتہ ہفتے وفات پانے والی ڈاکٹر زہرہ ولی اسیر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تعزیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام کی میزبانی نوشاد علی نے کی۔ صدارت ڈی ایچ او اپر چترال ڈاکٹر فرمان ولی نے کی جبکہ ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی ڈاکٹر احسان مہمان خصوصی تھے ۔ پروگرام میں معروف دینی اسکالر غلام ربانی، الواعظ امیر شاہ ، کیمسٹ ایسوسی ایشن کے ممبران ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ قاضی غلام ربانی ، الواعظ امیر شاہ ڈاکٹر فرمان ولی اور ڈاکٹر احسان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر زہرہ کی موت علاقے اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات سالوں سے ڈاکٹر مرحومہ نے اپر چترال جیسے پسماندہ علاقے کے مریضوں کی خدمت کی۔ مذکورہ ہسپتال میں گائنی سے متعلقہ سہولیات نہ ہونے کے باوجود ڈاکٹر صاحبہ نے کسی مریضہ کو شکایت کا موقع نہ دیا اور اپنی ڈیوٹی خوش اسلوبی سے نبھائی۔ شرکاء نے ڈاکٹر زہرہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی کا نام تبدیل کرکے "ڈاکٹر زہرہ ولی ہسپتال” رکھنے کی تجویز دی ۔ آخر میں مرحومہ کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئیں ۔