امریکا کا پاکستان میں حکومت سازی سے پہلے دھاندلی کی تحقیقات پر ردعمل آگیا

Spread the love

واشنگٹن: پاکستان میں وفاقی سطح پر حکومت سازی سے قبل انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے امریکا کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان میں دو بڑی سیاسی جماعتیں حکومت بنا رہی ہیں جب کہ اب بھی بڑے پیمانے پر دھاندلی کی اطلاعات ہیں۔ تو کیا امریکہ نئی حکومت کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے یا آپ کے خیال میں حکومت بنانے سے پہلے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات ہونی چاہئیں؟

سوال کے جواب میں امریکی ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں انتخابات سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات آگے بڑھیں اور جلد از جلد مکمل کی جائیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نئی حکومت کی تشکیل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جس کا فیصلہ پاکستانی قیادت کو کرنا ہے۔ امریکہ اس معاملے میں فریق نہیں ہے اور نہ ہی میں اس پر تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں ہوں۔

امریکی ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان میں ہم ایک ایسی حکومت کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں جسے پاکستانی عوام منتخب کریں گے۔

ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان اب دوبارہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر پر بات چیت کر رہا ہے، جو پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے۔ امریکہ پہلے بھی اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کر چکا ہے اور کیا اب بھی یہ خدشات موجود ہیں؟

جس پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ اس وقت میں آپ کا سوال محفوظ رکھتا ہوں اور بعد میں جواب دوں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button