سوات(بیورورپورٹ) یوتھ ان لوکل گورننس کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف سوات میں "ماحولیاتی تبدیلی کے سدباب میں مقامی حکومتوں اور نوجوانوں کا کردار” کے موضوع پر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام جی آئی زیڈ اور فورم آف فیڈریشن کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔ پینل میں ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف سرگرم نوجوان کارکن اور یونیورسٹی آف سوات کے فارغ التحصیل آصف جاوید، ماحول دوست نوجوان کاروباری شخصیت محترمہ زہرہ کمال خان، اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن ایگریکلچر ایکسٹینشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت خیبر پختونخوا، ڈاکٹر جان محمد شامل تھے۔ پینل کی نظامت کے فرائض شہاب الدین نے سر انجام دئیے ۔
تمام مقررین نے موسمیاتی تبدیلی کے سنگین مسائل اور اس کے معاشی اور معاشرتی اثرات پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر جان محمد نے اس ضمن میں خیبر پختونخوا حکومت کے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا اور مقامی برادری کی شمولیت و حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ محترمہ زہرہ کمال خان نے روزمرہ کی زندگی میں چھوٹے مگر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بات کی، جیسے کہ پلاسٹک کے کم استعمال، دوبارہ استعمال اور ری سائیکلنگ۔
آصف جاوید نے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باتوں سے آگے بڑھ کر ہمیں ماحولیاتی تبدیلی کے سدباب اور اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے چاہئے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین اکنامکس اور ڈیویلپمنٹ سٹڈیز یونیورسٹی آف سوات ڈاکٹر عمر نے نوجوانوں کے مثبت کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ ایف او ایف کی جانب سے آبرو حیدر نے مقامی حکومتوں کی اہمیت اور کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔