
زرعی یونیورسٹی پشاور کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت تھے۔
ڈائریکٹر ایڈمنیسٹریشن ڈاکٹر شعیب سلطان ، ڈائریکٹر یوتھ ڈیویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر انور علی شاد ، چئیرمین شعبہ ہیومن نیوٹریشن ڈاکٹر ضیاء الدین، چئیرمین شعبہ ایگریکلچرل کیمسٹری اینڈ بائیو کیمسٹری ڈاکٹر صاحب عالم، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر حمیرا وسیلہ، ڈاکٹر صائمہ سریر، ڈاکٹر ماریہ منیر، فیکلٹی ممبران، انتظامی آفسران، سٹاف اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کشمیری عوام میں جذبہ حق خود ارادیت ختم نہیں کرسکتی، ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر پر بھارت کا ناجائز قبضہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی سطح پر کشمیر پر بہترین انداز میں موقف پیش کر رہی ہے اور کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کی ہے، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا حق دلوادیں.انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، ہمیں دن رات قومی ترقی اور خوشحالی کے لئے محنت کرنا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہمارے بھائی اور بہنیں کئی سالوں سے بھارتی ظلم وستم کا سامنا کر رہے ہیں۔ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں معصوم کشمیری بچوں، جوانوں، بوڑھوں اور خواتین کے خلاف انسانیت سوز کاروائیاں بند کرے.پاکستانی قوم کشمیریوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور حصول آزادی تک کشمیری بھائیوں کے شانہ نشانہ کھڑے رہے گے، ظلم کے اندھیرے ختم ہو جائیں گے اور اللہ کی عنایت سے کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔ آئیے آج اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم سب نے مل کر وطن عزیز کو ترقی، خوشحالی اور کامیابیوں کی بلند سطح پہ لیجانا ہے۔
ڈائریکٹر سٹوڈنٹس کونسلنگ و یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر انور علی شاد نے وائس چانسلر و دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔