
جندول
تیمرگرہ: ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال، تیمرگرہ میں ایک معجزاتی اور خوش کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے بیک وقت پانچ صحت مند بچوں کو جنم دیا۔ زچہ اور تمام بچے، ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
یہ غیر معمولی اور مسرت بخش لمحہ نہ صرف والدین کے لیے خوشی کا باعث ہے بلکہ ہسپتال کی میڈیکل ٹیم کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی اور اعزاز ہے، جنہوں نے اپنی مہارت اور بہترین طبی سہولیات کو بروئے کار لاتے ہوئے اس محفوظ اور کامیاب زچگی کو یقینی بنایا۔
گائنی، نوزائیدہ اور نرسنگ اسٹاف نے انتہائی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں، جس کے نتیجے میں یہ تاریخی ولادت ممکن ہوئی۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے زچہ اور بچوں کی خصوصی نگہداشت جاری ہے، اور انہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان کی صحت مزید مستحکم ہو سکے۔
یہ کامیابی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال، تیمرگرہ کی اعلیٰ طبی سہولیات اور تجربہ کار عملے کی عمدہ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔